http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 03 August, 2006, 17:28 GMT 22:28 PST

الطاف حسین
سری نگر

حملہ آوروں کی مخبری پر انعام

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص گرینیڈ حملے کرنے والے شدت پسندوں کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کرے گا اسے انعام دیا جائیگا۔

سیاحوں پپر حملہ، متعدد زخمی

ریاستی حکومت نے شدت پسندوں کو پکڑنے کے لیۓ پہلی بار انعام کا اعلان کیا ہے ۔

اعلان کے مطابق شدت پسندوں کو پکڑنے والے کو ایک لاکھ روپے کا انعام اور سرکاری نوکری دی جائیگی۔

گذشتہ تین مہینوں میں کشمیر میں کئی گرینیڈ حملے ہو‎ئے جن میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہو ئے ہیں۔

اس انعام کا اعلان جمعرات کو ایک مقامی اخبار میں اشتہار کے ذریعے کیا گیا ہے۔ جس میں لکھا تھا’ہائی ویز اور بازاروں میں گرینیڈ حملے کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ جو شخص ان حملہ آوروں کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کریگا اسے ایک لاکھ روپے اور سرکاری نوکری انعام میں دی جائیگی‘۔

اشتہار میں یہ بھی لکھا تھا کہ شدت پسندوں کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی جائیگی۔

پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ حال ہی میں ریاستی حکام نے لشکر طیبہ کے ایک اعلی عہدیدار کو پکڑنے میں مدد کرنے کے لیئے ایک شخص کو پانچ لاکھ روپے کا انعام دیا تھا اور ایک اور شخص کو لشکر طیبہ کے ہی ایک کارکن کو پکڑنے کے لیئے 30 ہزار روپۓ کا انعام دیا تھا۔