http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 18 July, 2006, 12:33 GMT 17:33 PST

خدیجہ عارف
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی

ہندوستانیوں کا لبنان سے انخلاء

لبنان پر گزشتہ سات دنوں سے جاری اسرائیلی حملوں کے بعد ہندوستان کی حکومت نے لبنان میں مقیم ہندوستانی شہریوں کو محفوظ جگہوں پر بھیجنے کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ انچاس ہندوستانی باشندوں کو پہلے ہی لبنان سے شام بھیج دیا گیا ہے۔

لبنان میں تقریبًا بارہ ہزار ہندوستانی شہری مقیم ہیں اور ہندوستانی حکومت نے ان سب سے اپنے پاسپورٹ اور دوسرے دستاویزات تیار رکھنے کو کہا ہے کیونکہ لبنان کے حالات نازک ہیں اور انہیں کبھی بھی لبنان چھوڑنا پڑ سکتا ہے۔

خارجہ امور کے وزیر مملکت آنند شرما نے کہا ہے لبنان میں حالات ’نازک‘ ہیں اور حکومت لبنان میں مقیم ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کے لیئے فکرمند ہے۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ہندوستانیوں کو کسی بھی وقت لبنان چھوڑنا پڑ سکتا ہے اور حکومت نے اس طرح کی کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کے لیئے سارے انتظامات مکمل کررکھے ہیں۔

لبنان: نو فوجی ہلاک، انخلاء میں تیزی

بیروت میں ہندوستانی سفارتکار ننگچھا لوہوم نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ لبنان میں رہنے والے ہندوستانیوں کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کےسارے انتظام کرلیں اور احتیاط سے کام لیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم لبنان میں رہنے والے ہندوستانیوں سے رابطہ قائم کر رہے ہیں اور یہاں ایک بحری جہاز منگایا جارہا ہے تاکہ جو لوگ لبنان چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں انھیں محفوظ جگہوں پر بھیجا جاسکے۔
امریکہ سے رابطے میں ہیں
 ہندوستانی حکومت کا کہنا ہے کہ لبنان میں امن کے قائم کے بارے میں اس نے امریکہ سے رابطہ قائم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں صلاح مشورے کیئے جارہے ہیں۔
 
لبنان میں مقیم بیشتر ہندوستانی مزدور ہیں اور فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں۔ بعض ہندوستانی تقریباً بیس سال سے لبنان میں رہ رہے ہیں۔

گزشتہ روز لبنان سے شام بھیجے جانے والے 49افراد میں بیروت میں ہندوستانی سفارتخانے میں کام کرنے والے اہلکار بھی شامل تھے۔

جب آنند شرما سے پوچھا گیا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان لڑائی کے وقت کیا ہندوستان لبنان سے اپنی فوج واپس بلا سکتا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان فوری طور پر اس طرح کے فیصلے نہیں لے سکتا کیونکہ ہندوستانی فوج کثیر ملکی امن فوج کا حصہ ہے۔

لبنان میں چھ سو سے زیادہ ہندوستانی فوجی تعینات ہیں۔ حکام کا کہنا ہے لبنان پر اسرائیلی حملے میں بعض ہندوستانی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ لبنان میں امن کے قائم کے بارے میں اس نے امریکہ سے رابطہ قائم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں صلاح مشورے کیئے جارہے ہیں۔