Thursday, 13 July, 2006, 08:01 GMT 13:01 PST
ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کی پولیس کے مطابق جموں خطے میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے چار افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی رات پونچھ ضلع کے مگنار گاؤں میں پیش آیا ہے۔
واقعہ کی تفصیلات دیتے ہوئے پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ مشتبہ عسکریت پسندوں نے گاؤں کے دو گھروں پر اندھا دھند گولیا چلانی شروع کر دیں جس میں چھ اور آٹھ سالہ دو لڑکیاں اور دو لڑکے ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے لڑکوں کی عمر سترہ اور بیس سال تھی۔
اس سے قبل مئی میں صرف دو دنوں میں ہی پینتس ہندوؤ کو عسکریت پسندوں نے ہلاک کر دیا تھا۔ ڈوڈا ضلع کے ایک گاؤں میں مبینہ علیحدگی پسندوں نے بائیس ہندو دیہاتیوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ اودھم پور پولیس کو دو دن میں تیرہ ہندو چرواہوں کی لاشیں ملی تھیں۔
گزشتہ کچھ دنوں میں ہندوستان کے زير انتظام جموں اور کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ماہرین کے مطابق ریاستی اور مرکزي دونوں ہی حکومتوں پر اس خطے میں جاری تنازعہ کا حل نکالنے کے لئے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔