Wednesday, 12 July, 2006, 15:32 GMT 20:32 PST
صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی
ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے ممبئی بم دھماکوں کے دوسرے روز قوم سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا۔ انہوں نے صبر و تحل سے کام لینے پر عوام کی حوصلہ افزائی کی ہے اور کہاہے کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر رہے گی۔
منموہن سنگھ نے کہا کہ بم دھماکوں سے ممبئی کے عوام زبردست صدمے سے گزر رہے ہیں ہیں لیکن پوری قوم اس مصیبت کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔ ’میں ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جہنوں نے بزدل دہشت گردوں کا جواب انسانیت اور حوصلہ مندی سے دیا ہے۔ آپ کا یہ حوصلہ موت کے سوداگروں کے ناپاک ارادوں کا ناکام بنانے میں کامیاب ہوگا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہےجب ہندوستان کے دشمنوں نے امن اور خوشحالی کو تار تار کرنے کی کوشش کی ہے۔ ’لیکن ان عناصر کو یہ نہیں معلوم کہ بھارت متحد ہے اور متحد رہےگا۔‘ منموہن سنگھ نے کہا: ’شاید یہ شرارتی لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ ہم انہیں کبھی بھی ان کے ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا: ’میری پوری ہمدردی ان لوگوں کے ساتھ ہے جنکے گھر والے یا اقرباء ان حملوں میں نہیں رہے۔ ہم ایسے تمام متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرینگے۔‘
منموہن سنگھ نے کہا کہ بھارت کو کوئی بھی جھکا نہیں سکتا ہے اور اس کی ترقی کے راستے نہیں روک سکتا۔ ’ہماری معاشی ترقی کی پہیہ یوں ہی چلتی رہیگی۔ بھارت پر اعتمادی سے بلندی کی طرف رواں دواں رہےگا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ چیلنجیز سے نمٹنے کے لیے حکومت ہر ممکن قدم اٹھائےگی۔ ’ہم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کو جیت کر ر ہیں گے۔‘ انہوں نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں ۔ ’ہم کسی کو تفرقہ ڈالنے کا موقع نہ دیں۔ ہماری طاقت ہمارا اتحاد ہے ۔ ہمیں ایک رہنا ہے۔‘