Sunday, 09 July, 2006, 13:53 GMT 18:53 PST
انڈیا میں ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جسم فروش خواتین کو خصوصی رعایتی کارڈ دیئے جائیں گے۔
جن خواتین کو یہ کارڈ حاصل ہوں گے وہ ان کے ذریعے رعایتی نرخوں پر اشیائے صرف اور کپڑے خرید سکیں گی اور بعض ہوٹلوں میں کھانا کھا سکیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ انڈیا میں یہ اس نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے لیئے ایڈز انڈیا انیشی ایٹو اور بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے مالی اعانت فراہم کی ہے۔
اس سکیم کے تحت ایک ہزار سے زائد جسم فروش خواتین کو سہولتیں دی جائیں گی۔
کارڈ پر کارڈ رکھنے والیوں کی تمام تفصیلات درج ہوں گی اور اس سے یہ بھی پتہ چل سکے گا کہ معائنہ باقاعدگی سے ہو رہا ہے یا نہیں اور یہ کہ اگر بیماری ہے تو اس کی نوعیت کیا ہے۔
سکیم کی نگرانی کرنے والی کرناٹک ہیلتھ پروموشن کی شوشینا رز پال کا کہنا ہے کہ ’اگر کارڈ رکھنے والی کوئی خاتون مقررہ وقت پر معائنے کے لیے نہیں آئے گی تو اس کا کارڈ خود بخود ناقابلِ استعمال ہو جائے گا‘۔
رز پال کہتی ہیں کہ اس پروگرام کو انڈیا کے دوسرے شہروں تک بھی پھیلایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے ’ہمیں دوسرے شہروں سے بھی بلاوے مل رہے ہیں لیکن اس ابتدائی منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کامیابیوں یا ناکامیوں کا جائزہ لینے بعد اسے مزید پھیلانے کا فیصلہ کیا جائے گا‘۔