Monday, 12 June, 2006, 06:56 GMT 11:56 PST
بینو جوشی
جموں
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس نے بتایا ہے کہ ایک بس سٹینڈ پر دستی بم کے حملہ میں ایک شخص ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
حملہ آوروں نے پیر کو اس وقت بس سٹینڈ پر تین دستی بم پھینکے جس وقت وہاں پر کافی رش تھا۔ ابتدائی طور پر کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
کشمیر میں حالیہ ہفتوں میں دستی بموں کے کئی حملے ہوئے ہیں جن میں سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں میں چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جموں پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار مکیش سنگھ نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ٹکٹیں لینے والی کھڑکی پر بم پھینکا جہاں پر ہندؤوں کے مقدس مقام کٹرا جانے والے مسافر کھڑے تھے۔ کٹرا علاقہ سے ہی ہندوؤں کے سب سے بڑے ویشنو دیوی مندر جانے کا سفر شروع ہوتا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ریاست میں ہندو عقیدت مندوں کی سالانہ ’امرناتھ یاترا‘ کے سبب حفاظت کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔