Thursday, 01 June, 2006, 17:57 GMT 22:57 PST
سلمان روی
رانچی
ہندوستان کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں حکام کا کہنا ہے کہ ماؤنواز باغیوں کے ایک دھماکے میں پولیس کے بارہ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق جھارکھنڈ کے ضلع سنِگھ بھوم میں جب پولیس کی ایک ٹیم اسکول کی ایک عمارت میں نصب ایک بم کو ناکام بنانے گئی تو یہ دھماکہ ہوا۔
لیکن پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ بارودی سرنگ تھی جو اس وقت پھٹ پڑی جب پولیس کی یہ ٹیم اسکول سے واپس ہورہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ماؤنواز باغیوں نے اسکول میں پولیس کو دھوکہ دینے کے لیے بم نصب کررکھا تھا اور ان کی واپسی کے راستے میں باردوی سرنگ بچھا دی تھی۔
ریاست جھارکھنڈ میں ماؤنواز باغی ایک عرصے سے سرگرم رہے ہیں اور پولیس والوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
بدھ کے روز بھی پولیس اور ماؤنواز باغیوں کے درمیان ایک مسلح لڑائی چترا کے مقام پر ہوئی جس کے بعد ایک خاتون باغی سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔