ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ممبئی
بالی وڈ کے ایور گرین شومین فیروز خان ابھی پڑوسی ملک میں مبینہ طور پر متنازعہ بیانات دے کر جب وطن واپس آ کر باندرے کے ایک ڈسکو میں گئے۔ جب وہ اپنے بیٹے فردین کے ساتھ اپنے ’ہی مین اسٹائل‘ کے ساتھ ڈسکو پہنچے تو جاکی نے مائیک ان کے ہاتھ میں تھما دیا۔ بس پھر کیا تھا فیروز نے ایک طویل لیکچر دے ڈالا اور جاکی کو اپنی فلم ’قربانی‘ کا نغمہ سنانے کے ضد کی۔ حاضرین کی پریشانی دیکھتے ہوئے ان کے بیٹے فردین کو ڈسکو سے اپنے والد کو واپس لے جانا پڑا۔
ستاروں کی جنگ
اسٹار وارز پر اب تک ہم نے فِلم ہی دیکھی تھی لیکن اگر آپ سے یہ کہا جائے کہ یہ اسٹار وار بالی وڈ کے دو بڑے شہنشاہوں کے درمیان ہو رہی ہے تو آپ کی دلچسپ شاید زیادہ بڑھ جائے۔ ہم نے سنا ہے کہ ان دنوں امیتابھ بچن اور شاہ رخ کے درمیان سرد جنگ چل رہی ہے۔
دراصل امیتابھ بچن رام گوپال ورما کی فلم میں کام کر رہے ہیں اور ادھر شاہ رخ خان بھی ان کے ساتھ ایک فلم کرنے جا رہے ہیں لیکن دونوں میں فرق یہ ہے کہ شاہ رخ فلم پروڈیوس بھی کریں گے۔ اب دونوں ’بگ اسٹارز‘ چاہتے ہیں کہ ان کی فلم پہلے بنے۔ اس سے رامو بہت پریشان ہیں۔ کیا آپ اس کا کوئی حل جانتے ہیں تو رامو کو ضرور بتائیے۔
سبھاش گھئی کا شکار ایک ڈاکٹر
ممبئی کے ایک ڈاکٹر آج کل بہت پریشان ہیں کیونکہ انہیں اب مریضوں کے نہیں بلکہ ماڈل اداکار اوپین پٹیل کے عشق میں دیوانی لڑکیوں کے پیار بھرے فون آتے ہیں ۔وہ اپنی محبت کا اظہار کرتی ہیں اور ان کے ساتھ ’ڈیٹ‘ پر جانا چاہتی ہیں۔
ڈاکٹر پریشان ہیں کہ آخر ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ اس سے پہلے کے ان کی شادی شدہ زندگی میں دراڑ آتی انہیں پتہ چلا کہ وہ فون نمبر سبھاش گھئی کی فلم ’36 چائنا ٹاؤن‘ میں اداکار اوپین پٹیل کو دیا گیا تھا اور وہ نمبر انہیں کا نکلا۔ اب ڈاکٹر مریضوں کو کم دیکھتے ہیں اور فون کالوں کے جواب زیادہ دیتے ہیں۔
امیشا کو غصہ کیوں آتا ہے
امیشا پٹیل کو غصہ کیوں آتا ہے؟ کیوں نہ آئے اب دیکھیئے نہ جب گوا میں انہوں نے ایئر کنڈیشنڈ کار کا مطالبہ کیا تو انہیں نان اے سی کار ملی۔ ڈائرکٹر ان سے زیادہ ان کی ساتھی ہیروئین کو اہمیت دیتے ہیں۔ اب نئی فلم ’ان کہی‘ کے بارے میں دیکھیئے۔ فلم میں وہ آفتاب شیودسانی کی بیوی ہیں اور ایشا دیول آفتاب کی زندگی میں دوسری عورت۔ لیکن پھر بھی فلم کے پوسٹرز میں صرف ایشا کو ہی اہمیت دی گئی ہے۔ ہے نہ غلط بات۔ اب آپ ہی بتائیے کہ امیشا کو غصہ کیوں نہ آئے؟
ریمی کے عاشق
ریمی سین گوا میں اجے دیوگن اور ارشد وارثی کے ساتھ شوٹنگ کے لیئے ایک ہوٹل میں ٹھہری تھیں۔ انہیں اپنی ’فٹنس‘ کا بہت خیال رہتا ہے اس لیئے وہ ہوٹل کے ’جِم‘ میں پہنچ گئیں۔ جس مشین پر انہیں ورزش کرنی تھی کوئی اور شخص اس پر پہلے سے ورزش کر رہا تھا۔ ریمی انتظار نہیں کر سکیں اور اس سے پوچھ لیا کہ وہ کب تک ورزش کریں گے۔ اس شخص نے ریمی کی طرف دیکھا اور فوراً مشین چھوڑ کر کھڑا ہو گیا۔ ریمی ورزش کرنے لگیں ۔اپنے سامنے حسین اداکارہ کو دیکھ کر اس شخص نے اپنی طاقت سے بڑھ کر دوگنی وزن کے ڈمبلز سے ورزش شروع کی اور پھر کیا ہوا ؟۔۔۔ یہ آپ کے سوچنے کی بات ہے !