Monday, 01 May, 2006, 13:47 GMT 18:47 PST
انڈیا کی ریاست اتر آنچل کے اودھم سنگھ نگر ضلع میں کاغذ کی ایک مل ميں آگ لگنے سے کم از کم دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اب بھی سینکڑوں مزدور فیکٹری سے باہر نہیں نکل پائے ہیں۔ اس حادثے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے اور مقامی صحافیوں کے مطابق انہوں نے پندرہ لاشیں دیکھی ہیں۔
آگ لگنے کے بعد مل میں ایک دھماکہ بھی ہوا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ کیمیائی مادے سوڈیم کلورائیڈ کا ایک ٹینک پھٹنے سے ہوا۔
جس وقت یہ آگ لگی اس وقت سینکڑوں مزدور فیکٹری میں شام کی شفٹ ميں کام کر رہے تھے۔ دھماکے کے بعد پوری فیکٹری میں آگ لگ گئی اور مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ دھماکے کی شدت اس قدر زوردار تھی کہ اس کی آواز پانچ کلومیٹر کی دور تک سنی گئی۔
آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے اور مل میں پھنسے ہوئے مزدوروں کے رشتے دار وہاں پہنچ گئے ہیں اور آگ میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔