Friday, 28 April, 2006, 14:39 GMT 19:39 PST
خدیجہ عارف
دلی
مہیش بھٹ ان دنوں متنازع فلمیں بنانے کے لیۓ جانے جاتے ہیں لیکن اس بار ان کی نئی فلم ’گینگسٹر: ایک لو سٹوری‘ ریلیز ہونے سے پہلے ہی تنازعہ کا شکار ہو گئی تھی۔
یہ فلم جمعہ اٹھائیس اپریل کو ریلیز ہوئی ہے اور اس کی کہانی ایک ’گینگسٹر‘ کے ارد گرد گھومتی ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ یہ گینگسٹر دراصل مشہور انڈر ورلڈ ڈان ابو سالم ہیں۔
اپریل کی ابتدا میں ہندوستان کی جیل میں بند ابو سالم نے فلم کے کہانی کار مہیش بھٹ کو ایک قانونی نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ کہانی ان کی زندگی پر مبنی ہے اور چونکہ اسکا مقدمہ ابھی زیر سماعت ہے یہ فلم اس مقدمے پر اثر ڈال سکتی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ یہ فلم ریلیز نہ کی جائے۔ یوں ان سب پیچیدگیوں کے سبب فلم کی ریلیز میں تاخیر ہو گئی۔
فلم کے ریلیز ہونے سے قبل مہیش بھٹ نے دلی میں ایک پریس کانفرنس میں فلم کے بارے میں کہا کہ ’یہ کہنا غلط ہے کہ فلم ابو سالم کی زندگی پر مبنی ہے۔
یہ ایک لو سٹوری ہے اور ایک ایسی عورت کی کہانی ہے جو ایک گینگسٹر سے پیار کر تی ہے اور اسکے ساتھ شادی کرتی ہے اور اس کے بعد اسے کن کن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی بارے میں ہے یہ فلم۔‘
فلم کی ہدایت کاری کا ذمہ سنبھالا ہے انوراگ باسو نے۔ بھٹ کیمپ کے چہیتے سٹار عمران ہاشمی کے علاوہ فلم میں ’ ہزاروں خواہشوں‘ میں بزنس دلال کا کردار ادا کرنے والے شائنی آہوجا بھی اس فلم میں نظر آئیں گے۔
عمران ہاشمی اپنی اداکاری سے زیادہ اپنے ’کسنگ سینز‘ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ اور نیوز کانفرنس ميں بھی وہ اپنی ’کسنگ بوائے‘ امیج کی چرچا کرتے نظر آئے ۔’اس فلم میں میرا کردار میری پہلی فلموں کی طرح ’نیگیٹو‘ نہیں ہے بلکہ ایک سیدھا سادہ ’سافٹ سپوکن‘ لڑکے کا کردار ہے۔ اور میرے نا چاہتے ہوئے بھی اس فلم میں ایک کسنگ سین تو ڈالا گیا ہے۔‘
شائنی آہوجہ ایک منجھے ہوئے اداکار ہیں تو کیا عمران کو انکے ساتھ کام کرنے میں کوئی ’اِنسکیورٹی‘ محسوس ہوئی ؟ اس کے جواب میں عمران نے کہا کہ ’شائنی ایک اچھے اداکار ہے۔ انکی اداکاری بہت گہری ہیں۔ مجھے خوشی ہوگی اگر انکے کام کو اس فلم میں پسند کیا جائے۔‘
عمران ہاشمی کی دوسری فلموں کی طرح اس فلم کا میوزک پہلے ہی بہت مقبول ہو رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ’گینگسٹر: ایک لو سٹوری‘ کتنی کامیاب ہوتی ہے۔