Monday, 17 April, 2006, 09:28 GMT 14:28 PST
عمر فاروق
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، حیدرآباد، انڈیا
انڈیا کی ریاست آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں آسمانی بجلی گرنے سے بیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ریاست کے مختلف علاقوں میں زبردست بارش اور ژالہ باری کے واقعات میں چوبیس افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ میدک ضلع میں بجلی گرنے سے سات افراد کے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ شری کاکلم ضلع میں پانچ افراد کے مرنے کی خبر ہے۔ اطلاعات کے مطابق تین دیگر اضلاع میں بھی بجلی گرنے کے واقعات میں آٹھ افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔
ریاستی حکام نے بتایا ہے کہ تیز بارش اور اولہ باری سے تلنگانہ اور آندھرا خطے میں فصلوں اور مکانوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے جبکہ نظام آباد کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔
حیدرآباد میں بادل چھائے رہے ہیں اور درجہ حرارت جو چالیس ڈگری تک پہنچ گیا تھا دن میں پچیس ڈگری پر آ گيا۔ محکمۂ موسمیات نے آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں پوری ریاست میں مزید بارش کی پیشگوئي بھی کی ہے۔