Thursday, 16 March, 2006, 12:01 GMT 17:01 PST
ریحانہ بستی والا
ممبئی
مہاراشٹر کے شہر نئی ممبئی کے گھنسولی علاقہ میں ہولی پر تصادم میں تین افراد ہلاک ہو گئے اور حالات پر قابو پانے کے لیے کرفیو لگا دیا گیا۔
نئی ممبئی مضافاتی علاقہ ہے یہاں کے گھنسولی گاؤں میں زیادہ تر مزدور رہتے ہیں جنہیں ماتھاڈی کامگار محنت کش کہا جاتا ہے اور ان کا تعلق مہاراشٹرسے ہوتا ہے۔
گھنسالی کے مقامی لوگوں اور ماتھاڈی طبقہ کے مابین گزشتہ رات سے جھڑپیں جاری تھیں لیکن ماحول اس وقت کشیدہ ہو گیا جب دونوں گروپ کے لوگوں نے سڑکوں پر آ کر پتھراؤ شروع کردیا، وہاں کھڑی کئی گاڑیوں کو آگ لگادی اور کئی دکانوں کو جلا ڈالا۔
ان کے اس پتھراؤ کے نتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ خوفزدہ لوگوں نے جلدی جلدی دکانیں بند کرنی شروع کر دیں۔ جب پولیس وہاں پہنچی تو لوگوں نے ان پر بھی پتھراؤ کرنا شروع کیا جس میں پولیس افران بھی زخمی ہوئے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پہلے آنسو گیس اور پھر ہوائی فائرنگ کی لیکن بھیڑ ختم نہ نہیں ہوئی تو پولیس نے فائرنگ شروع کر دی جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور صحافیوں کو بھی علاقے میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کو ہولی کے دوران ایک گروپ کے لڑکوں نے دوسرے گروپ کی لڑکی پر رنگ پھینکا اور اسے چھیڑنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں اس وقت تو صرف لفظی تکرار ہوئی لیکن رات میں مارپیٹ کے واقعات شروع ہو گئے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے رات ہی کو تصادم روکنے کی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے ہنگامہ بڑھ گیا اور صبح لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔
![]() | |
| ہنگامہ ایک لڑکی پر رنگ پھینکنے سے شروع ہوا |
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان گروپوں کی پہلے بھی کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں لیکن رات کو نشے نے انہیں شدید بنا دیا ورنہ بات صرف معمولی تکرار یا جھڑپ تک ہی رہتی تھی۔