Sunday, 26 February, 2006, 13:05 GMT 18:05 PST
ہندوستان کی ریاست گجرات میں برڈ فلو پھیلنے کے بعد علاقے کے پولٹری فارمرز نے عوام میں برڈ فلو کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے حکومت سے ایک مہم شرع کرنے کی اپیل کی ہے۔
دارالحکومت احمدآباد میں گجرات برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے اہلکار وی پی سنگھ نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’برڈ فلو کے سبب ریاست کی پولٹری انڈسٹری کو ہر روز دس لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا ہے‘۔
مسٹر سنگھ کے مطابق گجرات میں تقریباً آٹھ لاکھ پولٹری فارم ہیں جہاں سے ہر روز تین لاکھ انڈے ملتے ہیں۔ لیکن سنیچر کو برڈ فلو کی تصدیق ہونے کے بعد پولٹری انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئي ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برڈ فلو کی وجہ سے راجستھان، مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش جیسی ریاتوں نےگجرات کے مرغے، مرغیوں اور انڈوں پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے سبب گجرات کی پولٹری انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے تاجروں کی آمدنی اسی فیصد تک کم ہو گئی ہے۔
حکام سے اپیل کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا ’عوام میں یہ بات پھیلانے کے لئے ایک مہم شرع کرنی چاہیے کہ صحیح طریقہ سے پکا ہوا چکن یا انڈا کھانے سے برڈ فلو نہیں ہوتا ہے‘۔
دوسری جانب ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ برڈ فلو سے نمٹنے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں برڈ فلو سے متاثر سورت ضلع کے اڑتیس دیہاتوں کے لئے ایک خصوصی زون تیا ر کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں انسانوں میں برڈ فلو پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر اب تک ایک لاکھ مرغے اور مرغیوں کو مارنے کا کام پورا کیا جا چکا ہے۔
گزشتہ ہفتے مہاراشٹر ریاست میں مرغے اور مرغیوں ميں برڈ فلو ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
ہندوستان میں اب تک برڈ فلو کی علامتیں کسی انسان میں نہیں پائی گئی ہیں۔ برڈ فلو ہونے کے اندیشے کے پیش نظر مہاراشٹر میں نوّے لوگوں کے خون کی جانچ کی گئی تھی لیکن ان ميں سے کوئی بھی برڈ فلو کا مريض نہیں پایا گیا تھا۔