Friday, 24 February, 2006, 05:21 GMT 10:21 PST
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں پولیس نے پیغمبرِ اسلام کے کیری کیچر چھاپنے پر ایک جریدے کے مدیر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ صحافی الوک تمار نے جو ہندی زبان کے جریدے ’سینیئر انڈیا‘ کے مدیر ہیں لوگوں کے مذہبی عقائد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
حکام کے مطابق جریدے کی کاپیاں ضبط کر لی گئی ہیں۔
تمار کے ساتھ کام کرنے والے صحافیوں نے کہا ہے کہ جریدے کا مقصد مسلمانوں کی دل آزاری کرنا بالکل نہیں تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر حاجی یعقوب علی نے ڈنمارک کے متنازع کارٹونسٹ کے قتل پر 51 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔
میرٹھ کے فیضِ اعظم کالج میں ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کے متنازع کارٹونسٹ واجب القتل ہیں۔
ریاست اتر پردیش میں اقلیتوں کی بہبود کے وزیر حاجی یعقوب علی نے کہا کہ متنازع کارٹونسٹ کے سر کے قیمت کے طور پر دی جانے والے رقم چندے کے ذریعے اکٹھی کی جائے گی اور خود چندے کی مہم شروع کریں گے۔
بی بی سی ہندی سروس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام کے کارٹونوں کی اشاعت پر احتجاج کرنے والے میرٹھ کے عوام نے خود یہ رقم اکٹھا کرنے کی پیش کش کر رکھی ہے۔