http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 01 February, 2006, 02:38 GMT 07:38 PST

نادیہ پرویز
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی

ائرپورٹس ٹھیکے نجی کمپنیوں کو

ہندوستان کی حکومت نے ملک کے دو سب سے بڑے ہوائي اڈوں کی جدیدکاری کا کام دو نجی کمپنیوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

دلی ہوائی اڈے کی ذمےداری ہندوستان اور جرمن کمپنی کے ایک کنسورٹیم جی ایم آر - فراپورٹ کی ہوگی اور ممبئی ہوائی اڈا جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے کنسورٹیم جی وی کے -ائر پورٹس کی نگرانی میں بین الاقوامی میار کا بنایا جائے گا۔

اس فیصلے سے ملازمین کو خدشہ ہے کہ ہوائی اڈوں کی نجکاری سے ملازمین کی بڑی اکثریت ملازمت سے محروم ہو جائے گی۔ لیکن شہری ہوا بازی کے وزير پرفل پٹیل نے ایک نیوز کانرفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکے خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ’دونوں کمپنیوں نے کہا ہے کہ وہ 60 فیصد ملازمین اغر پورٹ اتھارٹی کے ہی رکھيں اور 10 سے 15 فیصدر ملازمین ائپر پورٹ اتھارٹی کے ہی ملازمین رہیں گے‘۔

ہندوستان میں حالیہ برسوں میں فضائی مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور ہوائی اڈوں کی موجودہ سہولیات نہ صرف ناکافی ہیں بلکہ مسافروں کے لیے پریشانی کا سبب بنی ہوئيں ہیں۔

حکومت ایک عرصہ سے ہوائی اڈوں کی جدیدکاری کے لیے کوشاں ہے اور وہ یہ کام اس کی نوعیت کے پیش نظر نجی اور تجربہ کار کمپنیوں کو ہی دینا چاہتی ہے کیوں کہ اس طرح کا تجربہ سرکاری زمرے کی کمپنیوں کو نہیں ہے۔

بائيں بازو کی جماعتیں اورملازمین کی یونینیں حکومت کی کوششوں کی مخالفت کرتی رہی ہیں جس کے سبب جدید کاری کے عمل میں شدید تاخیر ہوئی ہے۔ لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ حکومت ان مخالفت کے باجود جدیدکاری کا عمل نجی کمپنیوں سے ہی کرائے گی خواہ اس کے لیے اس کی اتحادی بائيں بازو کی جماعتیں ناراض ہی کیوں نہ ہوں جائيں۔