http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 28 January, 2006, 13:02 GMT 18:02 PST

صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

آ کاش میزائیل کا کامیاب تجربہ

ہندوستان نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے آکاش میزائیل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آکاش میزائیل سے زمین سے پچیس کلو میٹر تک ہوا میں حملہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ تجربہ ریاست اڑیسہ میں بالا سور کے پاس کیا گیا ہے۔

خبر رسال ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق آکاش میزائیل کے دو تجربے کیے گئے ہیں۔ پہلا مقامی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے اور دوسرا پانچ منٹ کی تاخیر سے کیا گیا جبکہ اس کا نشانہ ایک طیارے میں نصب حرکت کرتی چیز تھی۔

آکاش میزائیل تقریبا ساڑھے پانچ میٹر لمبا ہے اوراس کا وزن سات سو کلو گرام ہے۔ یہ ساٹھ کلوگرام کا وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میزائیل سے بیک وقت کئی سمتوں میں حملہ کیا جاسکتا ہے۔

آکاش میزائیل کو ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن نے تیار کیا ہے۔ شعبہ دفاع کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اسے ملک کے ’گائیڈڈ میزائیل پروگرام‘ کے تحت بنایا گیا ہے۔

آ کاش میزائل کا آپریشن ایک ریڈار کے ذریعے ہوتا ہے۔ یہ ریڈار تقریبًا پینسٹھ ٹریک اپنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بیک وقت بارہ میزائل گائیڈ کر سکتا ہے۔