Friday, 20 January, 2006, 09:09 GMT 14:09 PST
صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی
ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں ایک بس کے کھائی میں گرنے سے تقریبا پچاس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعہ کی صبح ایک بس ڈرہال سے رجوری جارہی تھی کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات ہیں کہ اس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رجوری ضلع کے سپرٹنڈنٹ آف پولیس جے پی سنگھ نے بتایا ہے کہ بس میں چالیس لوگوں کے سوار ہونے کی گنجائش تھی لیکن اس میں تقریبا ستّر افراد سوار تھے۔ راستہ پہاڑی علاقوں سے گزرتا ہے اور راستے میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر بس تقریبا چار سو فٹ نیچے ایک تنگ گھاٹی میں جا گری۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے اب تک پچاس لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے اور اندیشہ کہ اس میں مزید لوگ ہلاک ہوں گے۔ پولیس اور فوج کا عملہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔
ہندوستان میں پہاڑی یا نشیب و فراز والے علاقوں میں ٹرک اور بس کے اس طرح کے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ عام طور پر اس طرح کے حادثات گنجائش سے زیادہ مال لادنے یا زیادہ لوگوں کو سوار کرنے سے پیش آتے ہیں۔ لیکن پہاڑی علاقوں میں برف باری یا سردی کے سبب روڈ پر کائی جمنے سے بھی اس طرح کے واقعات کا زیادہ اندیشہ رہتا ہے۔