Monday, 05 December, 2005, 10:10 GMT 15:10 PST
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں سے تیرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ کے قریب لوگوں کو متاثرہ علاقے سے نکال لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں گزشتہ تین دن کی بارش میں 13 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ لوگ گھر گرنے، بجلی کے جھٹکے لگنے اور ڈوبنے سے ہلاک ہوئے۔ آندھرا پردیش سے پچیس ہزار اور تامل ناڈو سے پچھہتر ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر بھی منتقل کیا گیا ہے۔
ان دونوں ریاستوں کے درمیان ذرائع آمدورفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور سڑکیں اور ریلوے لائنیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال کے اوپر بننے والے دباؤ کے نتیجے میں بھارت کا جنوبی حصہ بارشوں کی زد میں ہے۔
آندھرا پردیش کے دارالحکومت حیدرآباد سے بی بی سی کے نمائندے عمر فاروق کا کہنا ہے کہ اس برس آندھرا پردیش میں تین سو افراد سائیکلون، طوفان اور بارشوں کا شکار ہو چکے ہیں۔
تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائی کا زیادہ تر علاقہ زیرِ آب ہے اور بہت سے گھر ڈوب چکے ہیں۔ ریاست کے نشیبی علاقوں سے لوگوں کو ایک سو چالیس ریلیف سنٹروں میں منتقل کیا گیا ہے۔