http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 03 December, 2005, 19:27 GMT 00:27 PST

صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی

بھارت میں شہروں کی ترقی کا اعلان

وزیر اعظم منموہن سنگھ نے شہروں کی ترقی کے لیے قومی شہری تجدید کاری مشن کے نام سے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت ملک کے بڑوں شہروں کے بنیادی ڈھانچوں کو بہتر کیا جائیگا اور لوگوں کو بہتر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

کانگریس کی قیادت میں یو پی اے یعنی ترقی پسند محاذ حکومت نے اس نئی سکیم کا اعلان جواہر لال نہرو ترقیاتی منصوبے کے تحت کیا ہے۔ اس کا نفاذ ملک کے ایسے تریسٹھ شہروں میں ہوگا جو ثقافتی و سیاحتی اعتبار سے اہم ہیں یا انکی آبادی دس لاکھ سے زیادہ ہے۔

اس سکیم کے تحت آئندہ سات برسوں میں ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ ’ابھی بھی غریب شہریوں کو بنیادی سہولیات جیسے کہ پینے کا پانی، صفائی، مکانات اور دیگر سماجی ضروریات میّسر نہیں ہیں۔ شہر کے غریب لوگوں کو سستے داموں پر زمین دینے سے نجی شعبے میں سرمایا کاری بڑھ سکتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ان سہولیات سے شہری زندگی کا معیار بلند ہوگا۔ انکے مطابق شہروں کا اقتصادی نظام ملک کےعالمی اقتصادی نظام سے رابطے میں معاون ہوتا ہے۔

ہندوستان کی تقریباً نصف آبادی اب شہروں میں آباد ہے۔ لیکن بیشتر شہروں میں تنگ سڑکیں، کھلے گندے نالے، جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اور فلک بوس عمارتوں کے پہلوؤں میں پنپتی جھگی جھونپڑیوں کا نظارہ سب کے لیے تکلیف دہ ہے۔

بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے شہروں کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور ممکن ہے کہ اس منصوبے سے بڑے شہروں کا نظارہ بدل جائے۔