Thursday, 17 November, 2005, 14:01 GMT 19:01 PST
شکیل اختر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
ہندوستان اور پاکستان نے کنٹرول لائن کے راستے کشمیریوں کے آنے جانے کی تاریخوں پر اتفاق کر لیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نوتیج سرنا نے بتایا ہے کہ اوڑی۔چکوٹی پوائنٹ پر کشمیریوں کا آنا جانا شروع ہو گیا ہے- اس سیکٹر سے یکم دسمبر کو بھی لوگ جا سکیں گے-
بیان کے مطابق ٹیتھوال۔نوشیری سیکٹر سے 19 اور 26 نومبر اور3 اور 10 دسمبر اور پنچھ۔راولاکوٹ کے راستے 21 نومبر اور5 دسمبر کو کشمیری آ جا سکیں گے-
اسی طرح میندھار۔تتاپانی 28 نومبراور 12 دسیبر اور اڑی ۔حاجی پور سیکٹر 24 نومبر اور اور 8دسمبر کو کھلے گا-
دونوں ملکوں کی حکومتوں نے آٹھ اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کے بعد کنٹرول لائن کے دونوں جانب کے کشمیری باشندوں کو اپنے رشتے داروں سے ملنے کے لیے ان راستوں کو کھولنے پر اتفاق کیا تھا-
کنٹرول لائن کے راستے وہی کشمیری آ جا سکیں گے جنہیں سرکاری طور پر منظوری مل چکی ہے۔ اس کے لیے وہی طریقہ اختیار کیا گیا ہے جو مظفر آباد کی بس کے لیے عمل میں ہے۔
![]() | |
| ایل او سی پر مزدور امدادی سامان لے کر جا رہے ہیں اور ساتھ ساتھ حساس علاقے کی وجہ سے خطرے کا بورڈ بھی لگا ہوا ہے |
اس سے قبل آج دن میں ہندوستان نےزلزلہ زدگان کی مدد کے لیے مزید چھ سو ٹن سامان پاکستان روانہ کیا ہے- یہ سامان ستائیس ویگنوں پر مشتمل خصوصی ریل گاڑی کے ذریعے اٹاری واہگہ بارڑر کے راستے بھیجاگیا ہے۔ جو سامان بھیجے گئے ہیں ان میں برفانی علاقوں میں کام آنے والے ٹینٹ، سلیپنگ بیگ، کمبل، ایکسرے مشین ، درد شکن انجکشن اور دوائیں وغیرہ شامل ہیں-