Sunday, 13 November, 2005, 08:18 GMT 13:18 PST
بھارت میں ایک کارواں نے شمال مغربی ریاستوں کا دورہ کر کے رحم مادر میں بچیوں کو ہلاک کرنے سے منع کیا ہے۔
کارواں نے جو پچیس گاڑیوں اور دو سو افراد پر مشتمل ہے گزشتہ دس روز میں پانچ ریاستوں کا دورہ کیا ہے۔
کارواں کے ارکان ایک مشن پر ہیں۔ وہ اس رجحان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں جس میں لوگ بیٹیوں کی پیدائش روکنے کے لیے انہیں ماں کے پیٹ میں ہی ضائع کروا دیتے ہیں۔
مہم کی قیادت سوامی اگنیویش کر رہے ہیں۔ سوامی اگنیویش کا کہنا ہے کہ ’تشدد کی اس سے زیادہ تکلیف دہ، ناپسندیدہ اور شرمناک قسم نہیں ہو سکتی‘۔ کارواں میں ہندو، مسلم، عیسایت اور جین مت کے ماننے والے شامل ہیں۔
کارواں کا آغاز یکم نومبر کو دیوالی کے دن ریاست گجرات سے ہوا اور اس کا آخری پڑاؤ پندرہ نومبر کو امرتسر میں گرونانک کی سالگرہ کے موقع پر ہوگا۔
کارواں اپنی مہم کے دوران بھارت کی اُن ریاستوں سے گزرے گا جہاں لڑکوں اور لڑکیوں کے درمیان تناسب انتہائی غیر مساوی ہے۔ ان ریاستوں میں گجرات، پنجاب، دِلّی اور ہریانہ شامل ہیں۔ ان ریاستوں میں ہر آٹھ سو لڑکیوں کے مقابلے میں ایک ہزار لڑکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق لڑکیوں کے جنین کو ضائع کی وجوہات میں سماجی اور اقتصادی محرکات شامل ہیں۔
لڑکیوں کو عام طور پر کمتر اور بوجھ سمجھا جاتا ہے۔