http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 27 October, 2005, 13:21 GMT 18:21 PST

صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی

پچیس ملین ڈالر کی بھارتی امداد

بھارت نے زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے پاکستان کو پچیس ملین امریکی ڈالر کی امداد کی پیش کش کی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ رقم متاثرین کی از سر نو آباد کاری اور متاثرہ افراد کے لیے مکانوں کی تعمیر کے لیے دی جارہی ہے۔

دلی میں وزارت خارجہ کے تر جمان نوتیج سرنا نے بتایا کہ منصوبہ بندی اور پروگرام کے نفاذ کے وزیر آسکر فرناڈیز نے پچیس ملین امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان جینوا میں کیا ہے۔

مسٹر فرناڈیز زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے جینوا کے دورے پر ہیں ۔

مسٹر سرنا کا کہنا تھا کہ پاکستا نی حکومت کواس بات کا حق ہے کہ وہ اس پیش کش کا استعمال متاثرہ افراد کو بسانے کے لیے مکانوں کی از سر نوتعمیر کے لیے کرے۔ اس سے وہ چاہے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرے یا متاثرہ علاقوں میں ضروری اشیا کی بحالی ممکن بنائے۔

مسٹر سرنا نے کہا کہ اس امداد کے تحت پاکستان اسٹیل اور سیمنٹ جیسی دیگر ضروری تعمیری اشیاء بھی بھارت سے حاصل کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے زلزلے سے محفوظ رہنے والے مکانوں کی تعمیر کے لیے مخصوص ٹیکنالوجی کی پیش کش پہلے ہی کی تھی اور وہ بھی مہیّا کی جائے گی۔