Sunday, 09 October, 2005, 10:03 GMT 15:03 PST
صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی
بھارت کے زیرانتطام کشمیر میں زلزلے سے مرنےوالوں کی تعداد چھ سو ہوگئی ہے اور اطلاعات کے مطابق ایک ہزار سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
ہزاروں گھر تباہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ایک لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ فوجی جوان اور سرکاری عملہ اب بھی لوگوں کو ملبے سے نکالنے میں مصروف ہیں۔
ایک فوجی ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مرنے والوں میں فوج کے انتالیس جوان ہیں جبکہ تقریبا نوے فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ بہت سے دور دراز کے دیہی علاقوں تک رسائی نہیں ہو پائی ہے اس لیے امکان ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
لائن آف کنٹرول کے پاس ’اڑی‘ کے علاقے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ اس علاقے میں دوسو افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔
اتوار کو کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے اس علاقے کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مکانوں، دکانوں، سڑکوں اور مواصلاتی نظام سمیت ہر چيز کی تعمیر کے لیے مدد کی جائےگی ۔
وزیراعظم من موہن سنگھ نے جان و مال کے نقصان پر صدر مشرف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے صدر پرویز مشرف سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور امدادی کاموں کے لیے مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔