Friday, 09 September, 2005, 07:15 GMT 12:15 PST
شمالی بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں ایک دریا پر قائم پل ٹوٹنے سے خدشہ ہے کہ تینتیس فوجی ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فوجی پل کی مرمت کر رہے تھے کہ پل ٹوٹ گیا اور یہ فوجی دریا کے یخ پانی میں جا گرے۔
حکام کے مطابق مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور خراب موسم کی بناء پر امدادی کارروائیوں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
کرنل انوراگ بھسین نے بی بی سی کو بتایا کہ’ اگرچہ ہمیں مرنے والوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں لیکن خدشہ ہے کہ زیادہ تر لوگ دریا کے برفیلے پانی کا شکار ہوگئے ہیں کیونکہ اس مقام پر دریا نہ صرف بہت گہرا ہے بلکہ اس کا بہاؤ بھی بہت تیز ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ہوائی جہازوں کی مدد سے چندی گڑھ سے امدادی ٹیمیں کِنّور روانہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن موسم ہمارا ساتھ نہیں دے رہا‘۔
کِنّور ضلع میں جون کے مہینے میں اس وقت شدید سیلاب آ گیا تھا جب ایک جھیل کا پانی اپنے کناروں کو توڑ کر باہر نکل آیا تھا۔ سیلابی پانی نے علاقے کی زیادہ تر سڑکوں اور پلوں کو تباہ کر دیا تھا اور تب سے یہ علاقہ باقی دنیا سے کٹا ہوا تھا۔