Sunday, 20 February, 2005, 13:26 GMT 18:26 PST
بھارت کی شمال مشرقی ریاست تری پورہ میں سکیورٹی فورسز نے تین علیحدگی پسند باغیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ علیحدگی پسند ایک مغوی کو سرحد پار بنگلہ دیش منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
بارڈر سیکیورٹی کے ایک افسر سریش کمار دت نے بتایا کہ آل تری پورہ ٹائیگر فورس کے اراکین نے کھوائی کے علاقے کے ایک تاجر کو اغوا کیا ہوا تھا جسے وہ سرحد پار بنگلہ دیش منتقل کر رہے تھے۔
دیہاتیوں کی نشاندہی پر بارڈر سیکیورٹی فورس باغیوں کے ٹھکانے پر پہنچ گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں تینوں باغی مارے گئے۔
آل تری پورہ ٹائیگر فورس تری پورہ کے دو بڑے باغی گروہوں میں سے ایک ہے۔