http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 10 February, 2005, 15:55 GMT 20:55 PST

بھارت روس مشترکہ طیاروں پر مذاکرات

بھارت میں طیارے بنانے والی سرکاری کمپنی ہندوستان ایروناٹک لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ وہ روسی قیادت والی ایک کنسورشیم سے مذاکرات کر رہی ہے تاکہ مشترکہ طور پر طیارے بنائے جا سکیں۔

یہ اعلان جنوبی شہر بنگلور میں ایک ائیر شو کے دوران کیا گیا۔

ہندوستان ایروناٹک لمیٹڈ کے چیئرمین اشوک کے باویجا نے بتایا کہ اس کنسورشیم میں سکھوئی ، ڈیزائین بیورو اور بوئنگ جیسی کمپنیاں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت اس مشترکہ پراجیکٹ میں ایک سو ملین ڈالر لگانے کے لئے تیار ہے۔

ان طیاروں میں ساٹھ سے نوے مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

دریں اثناء بھارتی فضائیہ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان ایروناٹک سے دیسی ساخت کے 20 ہلکے لڑاکا طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

گزشتہ برس بھارتی فضائیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ آہستہ آہستہ مغربی ساخت کے لڑاکا طیاروں کو کم کرکے دیسی ساخت کے ہلکے لڑاکا طیاروں پر انحصار کرنا شروع کرے گی۔