Monday, 24 January, 2005, 17:51 GMT 22:51 PST
صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دِلّی
ہندوستان نے پاکستان کے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ اس نے سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔
ہندوستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے الزمات کی تحقیقات کرائی گئی ہیں اور رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کی کسی بھی طرح خلاف ورزی نہیں ہوئی۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نوتیج سرنا نے ایک اخباری کانفرنس میں بتایا کہ ’پاکستان کے ڈ ی جی ایم او ( ڈائرکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز) نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے اس مسئلے کا ذکر کیا تھا اور ہماری جانب سے اس الزام کی تحقیقات کی گئی ہیں۔ تفتیشی رپوٹ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ الزام بالکل بے بنیاد تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ڈی جی ایم او نے اس رپورٹ کے متعلق اپنے پاکستانی ہم منصب کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
ہندوستان اور چین
چین کے نائب وزیر خارجہ وین دوائی نے ہندوستانی رہنماؤں سے ملاقات کی اور سکریٹری شیام سرن سے باہمی امور پر خارجی امور تبادلہ خیال کیا ہے۔
مسٹر سرنا نے ملاقات تفصیلات بتاتے ہو کہا کہ ’فریقین نے بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے باہمی اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ دونوں ملکوں کے لیے ان مذاکرات کی شروعات بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں ہی مشترکہ حکمت عملی کے تحت باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں‘۔
مسٹر سرنا نے مزید کہا کہ بات چیت میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ چین کے وزیراعظم ون جیا باؤ کے آئندہ ہندوستانی دورے کو پوری طرح کامیاب بنانے کی کو شش کی جائے گی۔