Tuesday, 28 December, 2004, 13:10 GMT 18:10 PST
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی ریاست تامل ناڈو میں کلپکم کے مقام پر واقع ایٹمی پاور پلانٹ سونامی کی تباہی کے باوجود محفوظ ہے۔
قومی سلامتی کے مشیر جے این دِکشِت نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اتوار کے روز سونامی کی تباہی کے بعد ایٹمی پلانٹ کے بارے میں ’نا درست قیاس آرائیاں‘ کی جارہی تھیں۔
نئی دہلی میں مرکزی کابینہ کی ایک میٹنگ کے بعد جے این دِکشت نے کہا کہ ایٹمی پلانٹ محفوظ ہے اور کسی بھی طرح سے متاثر نہیں ہے۔
وزیراعظم من موہن سنگھ نے چینئی کے قریب واقع اس ایٹمی پلانٹ کے بارے میں روزانہ بریفنگ طلب کی ہے۔
جے این دِکشِت نے کہا کہ یہ ایٹمی پلانٹ سونامی سے پیدا ہونے والے سیلاب کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا تاکہ اس کی صفائی کی جاسکے۔
ایٹمی تنصیبات پر نظر رکھنے والے مرکزی بورڈ کے ارکان بدھ کو کلپکم کا دورہ کریں گے تاکہ اس کا آپریشن دوبارہ شروع کیا جاسکے۔