Wednesday, 08 December, 2004, 20:28 GMT 01:28 PST
انڈیا کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کئے تو اس سے امریکہ کے ساتھ اس کے تعلقات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
انڈیا کی طرف سے یہ بیان امریکی وزیر دفاع کے بدھ کے روز دلی پہنچنے کے موقع پر سامنے آیا ہے۔ پچھلے ہفتے امریکی صدر جارج بش نے پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف سے پچیس ایف سولہ طیاروں کی فروخت پر بات چیت کی تھی۔
دلی میں بی بی سی کے نامہ نگار نِک برائنٹ نے بتایا ہے کہ انڈیا کی طرف سے مسٹر رمزفیلڈ کی آمد پر یہ واضح اور ٹھوس بیان وزیر خارجہ نے پارلیمینٹ کے سامنے دیا۔
وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے یہ بھی کہا کہ ایک ایسے حساس وقت پر پاکستان کے ساتھ جاری امن مذاکرات ، جو قدرے سست رفتاری سے چل رہے ہیں، ان طیاروں کی فروخت سے بات چیت پر بھی برا اثر ہوگا۔
امریکہ نے فی الحال اس سلسلے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ جمعرات کے روز بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ، وزیر خارجہ نٹور سنگھ اور ہم منصب وزیر دفاع پراناب مکرجی سے بات چیت کریں گے۔
وہ اس موقع پر خلائی، ایٹمی ٹیکنالوجی اور مزائیل کے شعبے میں تعلقات کے فروغ پر بھی مزاکرات کریں گے۔
ایک سینئر امریکی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ڈونلڈ رمزفیلڈ افغانستان اور
عراق پر بھی بات چیت کریں گے اور ایران کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں بھارت کے تعاون کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔