Friday, 03 December, 2004, 16:51 GMT 21:51 PST
پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان میں قریبی ثقافتی اور اقتصادی روابط کے لیے کشمیر جیسے بنیادی مسئلے کا حل ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بات بھارتی پنجاب کے صدر مقام چندی گڑھ میں کہی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کام دونوں ممالک کی وفاقی حکومتوں کا ہے۔
انہوں نے اپنے بھارتی ہم منصب امرندر سنگھ کے ساتھ مل کر اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ سرحد کے آر پار رہنے والے پنجابیوں کے درمیان خیر خواہی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔
چندی گڑھ میں دونوں وزراء اعلیٰ نے کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کی زرعی ٹیکنالوجی کی نمائش ۔ ایگرو ٹیک 2004 ۔ کا دورہ کیا۔
![]() پرویز الٰہی خیر سگالی کے جذبات کے ساتھ ساتھ ایک ٹریکٹر بھی پاکستان لائیں گے |
چندی گڑھ سے پاکستانی وزیرِ اعلیٰ پٹیالہ شہر گئے جہاں انہوں نے ورلڈ پنجابی کانفرنس کے پاکستان اور بھارتی مندوبین سے خطاب کیا۔
اتوار کے روز پاکستان وزیرِ اعلیٰ پاکستان اور بھارت کے پنجاب کے، جنہیں مشرقی اور مغربی پنجاب بھی کہا جاتا ہے، درمیان کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے۔