Thursday, 18 November, 2004, 12:24 GMT 17:24 PST
بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے جمعرات کو جموں میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں شدت پسندوں کے آگے کبھی نہیں جھکے گی۔
منموہن سنگھ نے ریاست کے لوگوں کو دعوت دی کی وہ علاقے کی ترقی کی لیے حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بدھ کے روز انہوں نے ریاست کے لیے پانچ ارب ڈالر کے جس اقتصادی پیکج کا اعلان کیا تھا اس پر صحیح طرح عملدرآمد کیا جائے۔
توقع ہے کہ منموہن سنگھ ریاست میں تشدد کی وجہ سے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے ہندوؤں کے پناہ گزین کیمپ کا بھی دورہ کریں گے۔
منموہن سنگھ نے بدھ کے روز کہا تھا کہ وہ ہر اس تنظیم سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں جو تشدد کا راستہ چھوڑے گی۔
وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد منموہن سنگھ پہلی بار ریاست کے دورے پر آئے ہیں۔