Wednesday, 10 November, 2004, 01:38 GMT 06:38 PST
نصرت جہاں
بی بی سی اردو ڈاٹ کام
ایشوریہ رائے کے ساتھ گریندر چڈھا کی ’برائیڈ اینڈ پریجوڈس‘ جسے انگریزی تھالی میں ہندوستانی کھانا کہا جا رہا ہے ۔ برطانیہ میں تو انڈین کری کی طرح شائقین کو تھوڑا بہت مزا دے گئی لیکن ایسا لگتا ہے خود بھارت میں لوگوں کو اس کا ذائقہ پسند نہیں آیا۔
فلم میں پیانو کی دھن کی جگہ بھنگڑا بیٹ نے لے لی۔اس کے علاوہ جین آسٹن کے ناول کے کردار ان کے دبے دبے جذبات اور مناظر پچھلے دروازے سے باہر جاتے ہوئے دکھائی دیئے۔
فلم میں امرتسر سے لیکر انگلینڈ اور نیوجرسی تک اتنی بلے بلے ہوئی کہ قبر میں جین آسٹن کی روح بھی گھبرا کر بھنگڑا ڈالنے لگی ہوگی۔اور ایشوریہ کے ہندی فلموں والے ایکسپریشن لوگوں کو زیادہ متاثر نہ کر سکے
بہرحال انگلش بوتل میں دیسی شراب بھر کر بیچنے کا یہ گُر ہندوستانیوں کو پسند نہیں آیا۔ اور ایش کی اس فلم پر اتنا کیش لگا کر بھی گریندر لوگوں کی کچھ خاص بھیڑ جمع نہیں کر سکیں۔ چلیئے اب گریندر جی کی اگلی فلم کا انتظار کرتے ہیں۔
کمال ہے ملکہ کے پچھلے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے سنسر بورڈ کو اتنے معصوم سین پر تو بالکل اعتراض نہیں کرنا چاہیے تھا بہر حال یہ بورڈ کا حق جس کا وہ کبھی کبھی استعمال بھی کرنا چاہتا ہے۔
فلم میں دھرم جی کی کامیڈی کے درمیان شائقین کی بوریت دور کرنے کے لیے ملکہ نے اپنے جسم کا مظاہرہ میرا مطلب ہے اپنے حسن کا مظاہرہ کھل کر کیا تاکہ دیکھنے والے اپنی سیٹیں چھوڑ کر نہ بھاگیں۔
معاف کیجیئے گا دھرم جی ایک زمانے میں آپ کی کامیڈی کی مثال نہیں ملتی تھی لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ اس فلم میں ڈائریکٹرگووند مینن نے آپ کی کامیڈی سے زیادہ ملکہ کے کاسٹیومز اور situation پر توجہ دی ہے۔ لیکن طویل بوس و کنار کے مناظر بھی شائقین کی بھیڑ جمع نہ کر سکے ۔
کس کس کی قسمت کا تو پتہ نہیں لیکن ملکہ اور مینن کو اب اس طرح کی فلموں کو لیکر اپنی قسمت نہیں آزمانہ چاہئے ۔
یش چوپڑہ کی نئی فلم ’ویرزارہ‘ ریلیز سے پہلی ہی لوگوں کے تجسس کا سبب بن گئی ہے۔یہ ایک بھارتی پائلٹ اور پاکستانی لڑکی کی محبت کی داستان ہے۔ بھارتی اور پاکستانی لڑکے اور لڑکی کے درمیان محبت پر پہلے بھی کئی فلمیں بنائی جا چکی ہے تو اب اس فلم میں نیا کیاہے؟ شاید شاہ رخ خان اور یش چوپڑہ۔
اس فلم کی ایک اور اہم اور خاص بات مرحوم مدن موہن کی دھنیں ہیں۔
ویسے سننے میں آیا ہے کہ اس فلم میں اجے دیو گن کو ایک اسپیشل رول پیش کیا گیا تھا جسے انہوں نے ٹھکرادیا ان کا کہنا ہے کہ وہ شاہ رخ کی کسی بھی فلم میں ان کی ٹکر کا رول ہی کرنا چاہیں گے اور یہ رول منوج باجپائی نے کیا ویسے بھی منوج بھیا کے پاس کرنے کو کچھ نہیں تھا۔