Sunday, 31 October, 2004, 02:05 GMT 07:05 PST
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس کا کہنا ہے کہ سنیچر کے روز علیحدگی پسند تحریک سے وابستہ تشدد میں چھ افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق مشتبہ شدت پسندوں نے کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی سیاستدان بشیر ٹکر اور ان کے بیٹے کو ان کے گھر میں گھُس کر ہلاک کر دیا۔ اس حملے میں ٹکر کی بیٹی شدید زخمی ہوگئیں۔
حکام کے مطابق جنوبی اضلاع پونچھ اور ڈوڈا میں بھارتی فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں تین مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
اس کے علاوہ شدت پسندوں اور فوج کے درمیان فائرنگ سے ایک شہری کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 1989 میں بھارت کی حکومت کے خلاف بغاوت شروع ہونے کے بعد چالیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔