http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 28 October, 2004, 14:07 GMT 19:07 PST

بہار میں جلاد نہ ہونے کا بحران

انسپکٹر جنرل پولیس بہار پرتاپ کمار نے تردید کی ہے کہ بہار میں قیدیوں کو پھانسی دینے کی تربیت دی جا رہی ہے۔

ان کی یہ تردید بہار میں جیلوں کے وزیر رگھوندرا پرتاپ سنگھ کے ایک بیان کے بعد جاری کی گئی ہے۔

رگھوندرا پرتاپ سنگھ نے کہا تھا کہ ان کی حکومت اس بات پر غور کر رہی ہے کہ قیدیوں کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے پھانسی دینے کی تربیت دی جائے۔

اس وقت بہار میں پینسٹھ ایسے افراد ہیں جنہیں مختلف عدالتیں پھانسی کی سزائیں سنا چکی ہیں لیکن ان میں سے اکثر کی سزاؤں پر اس لیے عمل نہیں ہو سکا کہ بہار میں جلاد نہیں ہے۔

ان میں سے اکثر کی اپیلیں بھی اعلیٰ ترین عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

بھارت میں پھانسی کی سزاؤں پر کم ہی عمل کی نوبت آتی ہے اور بہت کم افراد کو پھانسی کی سزا دی جاتی ہے۔

گزشتہ گیارہ سال کے دوران صرف ایک مجرم کو دی جانے والی سزائے موت پر عمل ہو سکا ہے۔