Wednesday, 29 September, 2004, 04:46 GMT 09:46 PST
بھارت کے شہر کلکتہ میں صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والی تنظیموں نے میڈیکل ٹورزم یعنی علاج کے لیے سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش پر غور کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس وقت بھی دنیا بھر سے ہزاروں لوگ سستے لیکن معیاری علاج کے لیے بھارت جاتے ہیں ۔ اگرچہ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بھارت کے پڑوسی ممالک سے ہے لیکن حالیہ دنوں میں دور کے ممالک سے بھی لوگ جلدی، سستے اور معیاری علاج کی خواہش لیے یہاں آنے لگے ہیں ۔
بھارت میں ہسپتالوں اور صحت کےشعبے سے متعلق گروہوں کی کوشش ہے کہ اس سے فائدہ اٹھایا جائے اور ترقی یافتہ ممالک کی حکومتوں اور بڑی بڑی میڈیکل انشورنس کمپنیوں کو بھی اپنے مریض وہاں بھیجنے پر راضی کیا جائے۔
ان میں برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس سر فہرست ہے۔ اور ایک بھارتی وفد نے اس سلسلے میں حال ہی میں برطانیہ کا دورہ بھی کیا۔ لیکن ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے ایک امیر ملک اپنی مشکلات کے حل کے لیے اپنی سابقہ کالونی کی مدد لینے میں ہچکچاہٹ محسوس کرے۔