Tuesday, 28 September, 2004, 08:30 GMT 13:30 PST
بھارت کی سپریم کورٹ نے اتر پردیش کی حکومت کی جانب سے دائر کردہ ایک درخواست مسترد کر دی ہے جس میں تاج محل کو رات کے وقت بھی کھلا رکھنے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔
پیر کے روز تاج محل کی تین سو پچاسویں سالگرہ منائی گئی اور مقامی انتظامیہ یہ امید کر رہی تھی کہ لوگوں کو چاندی رات میں تاج محل دیکھنے کی اجازت دی جا سکے گی۔
تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے تاج محل کو رات کے وقت کھلا رکھنے کی درخواست اس لیے مسترد کر دی کہ اس میں سیکیورٹی انتظامات اور عمارت کے سفید سنگِ مرمر پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر ضروری توجہ نہیں دی گئی تھی۔
سپریم کورٹ سترویں صدی میں تعمیر کیے گئے تاج محل کے گرد پانچ سو میٹر کے اندر کسی ثفافتی پروگرام کے انعقاد پر پابندی بھی برقرار رکھے گی۔
تاج محل کی سالگرہ کی تقریبات بھی قریب ہی واقع آگرے کے قلعے میں منائی جا رہی ہیں۔