Sunday, 08 August, 2004, 23:30 GMT 04:30 PST
علی سلمان
لاہور
بھارتی اداکا راج ببر نے لاہور میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دو ہمسائے ہیں دوست اور دشمن کو تو چھوڑا جا سکتا ہے لیکن ہمسائے کو نہیں چھوڑا جاسکتا۔
وہ اتوار کو لاہور میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر کی کتاب ’ہاؤ ٹو بی اے لیڈر‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی بھارتی اداکار و رکن پارلیمان راج ببر تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ اگر تجاوز کرے، گھر کے سامنے کوڑا پھینکے یا نالہ غلط جگہ پر بنائے تو تکلیف تو ہوتی ہے۔اس لیے ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہمسائے سے دوستی میں فائدہ ہے یا دشمنی میں۔
انہوں نے کہ ان کے خیال میں ہمسائے سے دوستی ہو تو معاملات بہتر رہتے ہیں۔
اردو زبان کا ذکر کرتے ہوئے انےہوں نے کہا کہ بھارت کے کچھ علاقوں میں بعض لوگ اسے مذہبی زبان قرار دیتے ہیں ایسا کہنے سے زبان کو نقصان پہنچتا ہے انہوں نے کہا کہ وہ اسے انسان کی زبان قرار دیتے ہیں۔
اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قاسم ضیا نے کہا کہ دونوں اطراف کے بعض اراکین پارلیمان تو ملنا چاہتے ہیں لیکن پائیدار امن تب ہی ہوگا جب عوام کا دل ملے گا۔