http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 24 July, 2004, 14:46 GMT 19:46 PST

قانون کے خلاف اجتماعی خودسوزی

بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں پانچ نوجوانوں نے خصوصی قانون کے خلاف احتجاج کے طور پر خود کو آگ لگالی ہے۔

ریاست میں لاگو کیے گئے اس قانون کے تحت مسلح افواج کو کسی طرح کی بھی صورت حال سے نپٹنے کے لیے لامحدود اختیار حاصل ہیں۔

کلکتہ میں بی بی سی کے نامہ نگار سبھیر بھومک کے مطابق پانچ نوجوانوں نے دارالحکومت امفال میں ریاست کے وزیر اعلیٰ کے دفتر کے سامنے خود پر پٹرول جھڑک کر آگ لگا لی۔

وہاں پر موجود پولیس اہلکاروں نے خود سوزی کرنے والے ان پانچ افراد پر کمبل پھینک کر آگ بجھانے کی کوشش کی اور انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں، ڈاکٹروں کے مطابق، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پانچوں نوجوانوں کے جسم تیس فیصد تک جل گئے ہیں لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ان نوجوانوں کا تعلق منی پور یوتھ فرنٹ سے بتایا جاتا ہے جو ان سولہ تنظیموں میں سے ایک ہے جو اس قانون کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔