http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 02 July, 2004, 14:40 GMT 19:40 PST

ایودھیا تنازعہ کا حل قومی یادگار

بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رہنما بال ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ایودھیا میں جاری دیرینہ تنازعہ اس مقام پر صرف قومی یادگار تعمیر کرکے حل کیا جا سکتا ہے۔

ایودھیا میں جس مقام پر بابری مسجد تھی وہاں ہندوؤں کے دعوے کے مطابق کبھی رام مندر ہوا کرتا تھا۔

بی بی سی سے ایک انٹرویو میں بال ٹھاکرے نے کہا کہ یہ قومی یاد گار سپاہی منگل پانڈے سے اظہار عقیدت کے لیے بنائی جا سکتی ہے جنہوں نے روایت کے مطابق اٹھارہ سو ستاون میں برطانوی افسروں پر پہلی گولی چلائی تھی جس کے بعد جنگ آزادی شروع ہوئی تھی۔

بال ٹھاکرے کے مطابق اس یادگار کے قریب ایک مندر اور کچھ فاصلے پر مسجد تعمیر کی جا سکتی ہے۔

بارہ سال قبل اس مقام پر موجود بابری مسجد کو ہندو کارکنوں نے مسمار کر دیا تھا جس کے بعد ہندوستان میں ہندو مسلم فسادات میں تقریباً دو ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔