http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 13 May, 2004, 09:40 GMT 14:40 PST

کانگریس بی جے پی سے آگے نکل گئی

انڈیا میں لوک سبھا کے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق کانگریس کی سرکردگی میں قائم اتحاد کو بی جے پی کی قیادت والے اتحاد پر واضح سبقت حاصل ہے۔

بی جے پی کے صدر وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ بی جے پی اب اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ جبکہ کانگریس نے کہا ہے کہ وہ حکومت سازی کی کوشش شروع کر رہی ہے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق کانگریس اور اس کے اتحادیوں کو بی جے پی اتحادیوں پر برتری حاصل ہے۔ چار مرحلوں پر مشتمل انتخابی عمل پیر کے روز ختم ہوا تھا جس میں سڑسٹھ کروڑ سے زیادہ رجسٹرڈ رائے دہندگان کی چھپن فی صد تعداد نے ووٹ ڈالے۔

لوک سبھا کی کُل 543 نشستوں میں سے 539 حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ جبکہ چار نشستوں کے لئے بعض وجوہ کی بنا پر ووٹوں کی گنتی بعد میں ہوگی۔

الیکٹرانک ووٹنگ کی وجہ سے اب نتائج آنے کی رفتار بڑھ گئی ہے۔

ملک بھر میں ایک ہزار دو سو چودہ مقامات پر گنتی ہو رہی ہے۔