سکھوں کے لطیفے تو مشہور ہیں جن کے کرداروں کے نام عام عام طور پر سنتا سنگھ اور بنتا سنگھ ہوتے ہیں۔ اب سنتا بنتا ڈاٹ کام کے نام سے ایک پورٹل بھی بن گیا ہے جو ان لطیفوں کی طرح عوام میں مقبول ہے اور ہندوستان کے عام انتخابات کے گرما گرم ماحول میں لطیفوں کی کھکھلاہٹ بکھیر رہا ہے۔
پنجاب اور ہریانہ کےمشترک دارالحکومت چندی گڑھ سے کام کرنے والے سنتا بنتا ڈاٹ کام پر ایسے ای کارڈز رکھے گۓ ہیں جن میں ہندوستان کے مشہور فلم اداکار اور سیاستدانوں کا ایک ہلتا جلتا کارٹون سامنے آتا ہے اور ان ہی کی آواز میں کوئی پر مزاح سیاسی مکالمہ بولتا ہے۔
اس ای کارڈ سے پیغام بھیجنے والا شخص کارڈ کے ذریعے کسی کو بھی کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے حق میں کوئی پیغام بھیج سکتا ہے۔
![]() شترو بھائی کا پیغام سب کے نام |
اسی طرح بہار کے رہنما لالو پرساد اور فلم اداکار شتروگن سنہار وغیرہ کی آواز میں سیاسی ای کارڈز موجود ہیں۔
سنتابنتا ڈاٹ کام کے ڈائریکٹر جیون گھئی کہتے ہیں ان کارڈز سے ایک پیغام چلا جاتا ہے اور کچھ مزاح بھی پیدا ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خاصے لوگ یہ کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔
سنتا بنتا کے دفتر میں کارٹونسٹ کے علاوہ ایک نقال بھی ہے جو ان سب مشہور لوگوں کی آواز بنا سکتا ہے۔
اپنے نام کی مناسبت سے سنتا بنتا ڈاٹ کام کے عام لطیفے تو اس کی خاص پیشکش ہے۔ روزانہ پچھتر ہزار لوگ اس کے لطیفے پڑھنے کے لیے سنتا بنتا ڈاٹ کام پر آتے ہیں۔
![]() لالو تو اپنے لطیفوں سے پہلے ہی بڑے مشہور ہیں |
اس سائٹ سے دنیا کے مشہور لوگوں کے وال پیپر بھی مل جاتے ہیں اور روزانہ اڑھائی لاکھ وال پیپر ڈاؤن لوڈ کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اس کا شمار دنیا کی ان ویب سائٹس میں ہونے لگا ہے جہاں سے سب سے زیادہ وال پیپر ڈاؤن لوڈ کیے جاتے ہیں۔