http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 25 June, 2008, 08:22 GMT 13:22 PST

کرکٹ تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ

برطانوی حکومت نے اخلاقی بنیادوں پر زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے آئندہ برس برطانیہ کے دورے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانیہ کے وزیرِ ثقافت اینڈی برنہیم بدھ کو انگلینڈ اور ویلز کے کرکٹ بورڈز کو وزیراعظم گورڈن براؤن کی طرف سے ایک خط ارسال کر رہے ہیں جس میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال برطانیہ کے دورے پر پابندی عائد کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

برطانیہ کی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ آئندہ سال موسم گرما میں برطانیہ میں ہونے والے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ایک روزہ میچوں میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم حصہ نہ لے سکے۔

دریں اثنا آئندہ ہفتے انٹرنیشل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پر عالمی میچوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کا آئندہ برس ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ سے پہلے برطانیہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچ اور ایک روزہ میچ کھیل کے پروگرام ہے۔

حکومت گزشتہ اٹھارہ ماہ سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کے معاملے پر بات چیت کر رہی تھی۔

لیکن حال ہی میں زمبابوے میں حزب مخالف کے امیدوار مارگن چنگرائی کے صدارتی انتخابات سے دستبردار ہونے اور حکومت کی طرف سے سیاسی مخالفین کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کے واقعات سے پیدا ہونے والی صورت حال کی وجہ سے برطانوی حکومت نے فوری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔