Wednesday, 02 April, 2008, 13:39 GMT 18:39 PST
بالی ووڈ اداکار عامر خان نے کہا ہے کہ وہ تبتیوں کے ساتھ پوری ہمدردی رکھتے ہیں تاہم وہ سترہ اپریل کو ہونے والی اولمپک کھیلوں کی مشعل ریلے میں ضرور حصہ لیں گے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق عامر خان نے یہ بیان اپنی ویب سائٹ پر شائع کیے گئے بلاگ میں لکھا ہے جس میں ان کے مداحوں نے ان سے اس دوڑ میں حصہ نہ لینے کو کہا تھا۔
عامر خان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب تبت معاملے پر ہی بھارتی فٹبال ٹیم کے کپتان بھائی چنگ بھوٹیا نے نجی وجوہات کی بناء پر اولمپک مشعل کی دوڑ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔
تاہم عامر خان کا کہنا ہے کہ اولمپک کھیل چین سے تعلق نہیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے’ جب میں سترہ اپریل کو مشعل کے ساتھ دوڑں گا تو وہ چین کی حمایت میں نہیں ہوگا بلکہ یہ تمام دعاؤں کے ساتھ ان تبتیوں کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے ان لوگوں کے لیے ہوگا جو انسانی حقوق کی خلاف ووزی سے متاثر ہوئے ہیں‘۔
ہندوستانی اولمپک تنظیم نے سابق پولیس افسر ہلکار کرن بیدی اور ٹینس کھلاڑی ليانڈر پیس جیسی شخصیات کو بھی ریلے میں حصہ لینے کے لیے دعوت دی ہے۔