Sunday, 25 November, 2007, 13:39 GMT 18:39 PST
دل نائر
بی بی سی، ایشین نیٹ ورک
بالی وڈ کے دو اداکاروں کا کہنا ہے کہ مغربی لندن میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں نسلی امتیاز کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایک کار میں سوار سفید فام افراد کی جانب سے لندن کے علاقے ساؤتھ آل میں فلم ’دھن دھنادھن گول‘ کی شوٹنگ کے دوران بالی وڈ اداکارہ بپاشو باسو اور اداکار ارشد وارثی پر قابل اعتراض جملے کسے گئے۔ ارشد وارثی نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو مئی میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا: ’مجھے بہت دکھ ہوا۔ میں ان چیزوں کا عادی نہیں ہوں‘۔
ساؤتھ آل کے علاقے میں 60 اور 70 کی دہائیوں کے دوران نسلی امتیاز کے متعدد واقعات پیش آئے تاہم کمیونٹی رہنماؤں کے مطابق اب اس قسم کے واقعات شاذو نادر ہی پیش آتے ہیں۔
ارشد وارثی کا کہنا تھا کہ اس واقعہ سے انہیں اور ان کے ساتھی اداکاروں کو دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا: ’ایک کار میں سوار کئی گورے لڑکوں نے ہمیں دیکھتے ہی بغیر رکے غصے میں بولنا شروع کردیا۔ میرے ساتھ پہلی دفعہ اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے‘۔
![]() | |
| فلم ’گول‘ میں جان کے ساتھ بپاشا باسو بھی نظر آئیں گی |
بالی وڈ کے دو اداکاروں کے ساتھ نسلی امتیاز برتے جانے پر ساؤتھ ہال کی مقامی آبادی نے غصے کا اظہار کیا ہے۔ انیس سالہ طالبہ پریتی جوہل کا کہنا تھا کہ ’یہ نفرت انگیز ہے۔ انتہائی نفرت انگیز‘۔
برطانیہ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب بالی وڈ کے کسی اداکار پر طنزیہ فقرے کسے گئے ہوں۔ برطانوی ٹی وی ’چینل فور‘ کے ایک پروگرام ’بگ برادر‘ کے دوران بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی پر بھی ان کی ساتھی اداکارہ جیڈ گوڈی نے طنزیہ جملے کسے تھے۔