Monday, 22 October, 2007, 10:29 GMT 15:29 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
پیغام محبت
سینچر کے روز ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی بہت مسکرا رہے تھے۔ارے بابا میچ جیتنے کے بعد نہیں بلکہ میچ شروع ہونے سے پہلے ہی۔ اور ان کی یہ مسکراہٹ ان لاکھوں پرستاروں کے لیے نہیں بلکہ کسی ایک مخصوص شخصیت کے لیے تھی جسے انہوں نے خصوصی طور پر مدعو کیا تھا اور وہ تھیں خوبصورت اداکارہ دیپکا پڈوکون۔
دیپکا کی مسکراہٹ زیادہ معنی خیز تھی۔ ان کے گالوں کی سرخی میں اضافہ ہو جاتا جب وہاں موجود صحافی ان سے دھونی کے بارے میں سوال کرتے۔ اب دلوں کے ٹوٹنے کے اس موسم میں دلوں کا یہ ملن ایک خوشگوار احساس دے گیا۔
دلوں کا ملن
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ایسے میں جب کہ بالی وڈ کے گلیاروں میں دلوں کے ٹوٹنے کی خبریں گشت کر رہی ہیں، تو ہم دلوں کے ملاپ کی باتیں کیسے کر سکتے ہیں؟ خبریں آپ تک تو یہی پہنچی ہیں نا کہ کرینہ کپور اور شاہد کی دوستی میں دراڑ پڑ چکی ہے۔ دونوں کی برسوں پرانی دوستی ختم ہو چکی ہے۔ شاہد اکیلے ہیں اور کرینہ نے سیف کا ہاتھ تھام لیا۔ لیکن تصویر کا دوسرا رخ تو یہ ہے کہ برسوں بعد شاہد اپنی ماں نیلما عظیم سے ان کے گلے ملے۔گلے شکوے دور ہوئے۔ دراصل نیلما اور کرینہ میں کبھی تعلقات خوشگوار نہیں تھے اور اسی وجہ سے شاہد اپنی ماں سے علیحدہ ہو کر الگ گھر میں رہنے لگے تھے۔
![]() | |
| شاہد کی ہار یا سیف کی جیت |
جان کی معافی
یہ شاید معافی مانگنے کا موسم ہے۔ ملکہ شیراوت نے فلم اگلی اور پگلی میں اپنے ساتھی اداکار رنویر شوری کو اتنے طمانچے مارے کہ شرمندہ ہو کر معافی مانگ لی لیکن جان نے عائشہ کو طمانچے نہیں مارے بلکہ فلم نو سموکنگ میں ان کے منہ پر سگریٹ کے دھوئیں چھوڑے۔ منظر کو ٹھیک سے فلمانے کے لیے انہیں ایسا متعدد بار کرنا پڑا جس سے عائشہ کی طبیعت خراب ہو گئی۔ بیچارے جان نے عائشہ سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔
![]() | |
| سیف علی خان بازی لے گئے |
جب سانڈ نے۔۔۔
جب سانڈ نے ملکہ شیراوت کا پیچھا کیا۔۔۔ہے ناں دلچسپ خبر۔فلم اگلی اور پگلی میں ملکہ شیراوت اداکار رنویر شوری کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بیٹھی تھیں۔انہیں اس شوٹ کے دوران چلانا تھا۔ملکہ نے زور سے چلایا۔بس کیا تھا کچھ دور کھڑا سانڈ بپھر گیا اور اس نے اس گاڑی کا پیچھا شروع کر دیا۔ملکہ اور زور زور سے چیخنے لگیں۔لیکن اس وقت ملکہ یا رنویر نے سرخ رنگ کے کپڑے نہیں پہنے تھے بلکہ موٹر سائیکل کا رنگ سرخ تھا۔۔۔
![]() | |
| ملکہ شراوت بچ گئیں |
عامر کا نیا روپ
عامر کو آپ نے کئی روپ میں دیکھا ہے لیکن فلم گجنی کے ری میک میں آپ انہیں ایک نئے انداز میں دیکھیں گے۔انہوں نے اس فلم میں اپنی شرٹ بھی اتاری ہے۔سر بھی منڈوایا ہے اور تو اور انہوں نے کمر سے نیچے جینس پینٹ پہنی ہے۔۔۔
سلمان کا چوکا اور چھکا
سلمان خان نے ایک ہی ساتھ چوکا اور چھکا مار دیا ہے۔ بارہ کروڑ روپے میں ایک فلم سائن کر کے انہوں نے چوکا مارا ہے تو اس فلم کی آمدنی سے تیس فیصد منافع کا معاہدہ کر کے انہوں نے چھکا مار دیا ہے۔ مطلب یہ کہ سلمان نے تمام ہیرو کو پیچھے چھوڑ دیا اور وہ اس وقت بالی وڈ کے سب سے مہنگے اداکار بن گئے۔