Tuesday, 18 September, 2007, 08:48 GMT 13:48 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
کنگ خان اور فرح کی لڑائی
جی ہاں! کنگ خان ( شاہ رخ خان) اور ہدایتکار فرح خان دونوں اوم شانتی اوم کے سیٹ پر لڑ پڑے اور یہ لڑائی اتنی لمبی چلی کہ دونوں نے ایک دوسرے کے سر کے بال تک نوچ لیے۔ آپ کو سن کر افسوس ہو رہا ہے نا! لیکن ہمیں تو بہت اچھا لگا۔ وہ اس لیے کہ یہ لڑائی جھگڑا سب کچھ فلم اوم شانتی اوم کا ایک منظر تھا جس میں فرح اور شاہ رخ، رشی کپور کی ایک جیکٹ کے لیے لڑتے ہیں۔
حقیقی زندگی کے یہ دوست منظر میں اتنا کھو گئے کہ انہیں یاد ہی نہیں رہا کہ کیمرہ چل رہا ہے اور وہ ایک دوسرے کے بال پکڑ کر لڑنے لگے۔ فلم میں اسی شاٹ کو اوکے کیا گیا ہے۔
ماڈرن دیوداس
جی ہاں ماڈرن دیوداس اب پارو کی بے وفائی پر شراب پی کر لڑ کھڑانے کے بجائے چندر مکھی سے شادی کرے گا اور پھر پارو کو زندگی بھر یاد کرے گا۔ یہ فلم پرتیش نندی بنا رہے ہیں اور اس فلم کی ہدایات سدھیر مشرا دیں گے۔ بیچارے شرت چندر کے ناول کا یہ حشر، ان کی روح تک تڑپ جائے گی۔
ڈھائی کلو کا ہاتھ
ماچو مین دھرمیندر کا اگر ہاتھ کسی پر پڑ جائے تو وہ کیسا محسوس کرے گا۔ یہ سوال آپ بیچارے نیل نتن مکیش سے کر سکتے ہیں۔ فلم ’جانی غدار‘ میں مکیش کے پوتے نیل کا ان کے (فلمی) والد دھرمیندر سے کسی بات پر جھگڑا ہوتا ہے اور دھرمیندر کو نیل کو طمانچہ مارنا تھا۔ دھرم پاجی نے ہوا میں طمانچہ لہرانے کے بجائے زور سے نیل کے گالوں پر طمانچہ جڑ دیا۔ بس کیا تھا نیل کی آنکھوں میں(بنا گلیسرین کے) آنسو آگئے اور حلق خشک ہو گیا۔ بعد میں دھرم پاجی نے نیل کا سر سہلایا اور انہیں گلے لگا کر معافی مانگ لی۔
![]() | |
| انیل کپور اور رشی کپور فلم سانوریا کی میوزک اجراء پارٹی میں |
راز کی بات
سنا ہے کہ ایک میان میں دو تلواریں نہیں رہ سکتیں تو پھر ایک ہی جگہ اور ایک ہی سیٹ پر دو آئٹم گرلز بغیر لڑائی کے کیسے رہ سکتی ہیں۔ دونوں کو آپ نے ایک ٹی وی رئیلٹی شو میں دیکھا ہوگا۔ خیر دونوں میں جم کر جھگڑا ہوا اور اس جھگڑے میں دونوں نے ایک دوسرے کے دل کھول کر راز کھول دیئے۔ ایک نے کہا ’ مجھے پتہ ہے تو نے کہاں کہاں کی سرجری کرائی ہے‘، تو دوسری نے اس کے راز کھولے۔ اب سیٹ پر موجود سب کو پتہ چل گیا کہ ان کے پاس جو کچھ ہے وہ سب نقلی ہے۔
میں بڑا ہو گیا
فلم سانوریا کی میوزک اجراء پارٹی میں سلو ( سلمان خان ) نے اعتراف کر لیا کہ وہ اب بڑے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے سامنے کے بچے میرے ساتھ کام کر رہے ہیں، آج مجھے لگتا ہے کہ میں بڑا ہو گیا ہوں‘۔ لیکن سلو اپنے لطیفوں سے کہاں باز آنے والے تھے، انہوں نے انیل کپور سے کہا ’ارے یار مجھے پتہ ہے کہ تو کیوں رو رہا ہے کیونکہ تو جانتا ہے کہ اب چونکہ تیری بیٹی فلم کی ہیروئین بن چکی ہے اس لیے اب تجھے باپ کے ہی رول ملیں گے، ہے ناں‘۔
دیا کو غصہ کیوں آتا ہے
اب اگر کوئی آپ کے پیچھے چٹکی لے تو آپ کو غصہ آئے گا ہی۔ دیا مرزا فلم ’علی باغ‘ کی شوٹنگ کے لیے گوا میں تھی۔ وہاں کے سوئمنگ پول میں وہ تیرنے کے بعد جب وہ باہر نکلنے لگیں تو فلم کے ساتھی اداکار روہت رائے نے انہیں پیچھے سے چٹکی لے لی۔ بس کیا تھا دیا نے انہیں معافی مانگنے کے لیے کہا اور آخر کار روہت کو اپنی بیوی کے سامنے دیا سے معافی مانگی پڑی۔
مول بھاؤ کی فطرت
دکانوں میں خریداری کے وقت مول بھاؤ کرنا شاید عورتوں کی فطرت مانا جاتا ہے لیکن ہم نے تو سنا تھا کہ اعلیٰ طبقے کی امیر خواتین مول بھاؤ نہیں کرتی ہیں۔۔۔۔غلط ہم نے خود اپنی آنکھوں سے ایک ٹاپ ہیروئین کو محض دو ہزار کی کان کی بالیوں کے لیے مول بھاؤ کرتے دیکھا۔ بیچارے دکاندار کو کہنا پڑا میڈم آپ باہر فٹ پاتھ پر نقلی زیور مل رہے ہیں وہاں سے خرید لیجیئے۔۔۔۔۔
ریکھا چلیں ہالی وڈ
سن کر حیرت ہوئی ناں، ہمیں بھی اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا کہ ریکھا اب ہالی وڈ میں کام کریں گی۔ لیکن پھر خود سے کہا اس میں حیرت کی کیا بات ہے وہ اب بھی تیس کی ہی لگتی ہیں۔ حُسن کی اس جادوگرنی نے سیمون شیفلڈ کو اپنا سیکرٹری سائن کر لیا ہے جو ایش کے بھی سیکرٹری ہیں۔ شاید بالی وڈ سے زیادہ ہالی وڈ میں ان کے فن کو اچھی طرح پرکھا جا سکے۔
ابھی بھی قطار میں
کنگ خان کے بعد اب ابھی (ابھیشیک ) بھی اپنا بدن کسرتی بنانے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ اب وہ چُست دُرست بننے کے لیے جم جا رہے ہیں اور کھانے پر کنٹرول کیا جارہا ہے۔ لیکن یہ کسی فلم کے لیے نہیں ہو رہا ہے بلکہ میڈم نے آرڈر پاس کیا ہے کہ وہ اپنا بدن کسرتی بنائیں۔ دراصل سلو بھیا کے کسرتی بدن نے سارے ہیروز کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ ویسے سلو ہر ہیرو کو کسرتی بدن بنانے کے لیے ٹپس دیتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں کنگ خان کو بھی ٹپس دیے لیکن کیا ابھی ان سے ٹپس لینے کے لیے تیار ہوں گے؟
بگ بی کا بریسلیٹ
بگ بی ( امیتابھ بچن ) آج کل اپنے ہاتھوں میں سرخ بریسلیٹ پہنتے ہیں جس میں چمکدار پتھر جڑے ہیں۔ اب یہ تو ساری دنیا جانتی ہے کہ بگ بی کتنے مذہبی ہیں اور وہ جیوتش پر کتنا یقین رکھتے ہیں ( آپ کو یاد ہے ناں کہ بیماری کے دوران ہسپتال سے رخصت لینے کے وقت انہوں نے جیوتش کے کہنے پر ٹھیک گیارہ بج کر گیارہ منٹ کا وقت مقرر کیا تھا اور اسی وقت وہ باہر آئے تھے ) اب بگ بی نے ایسا ہی بریسلیٹ گھر کے تمام ممبران کو دیا ہے۔ اسے کہتے ہیں بچن فیملی سکھ دکھ میں ساتھ ساتھ۔
چلتے چلتے
اکشے کمار نے اپنے گھر میں ہی جم کھول لیا ہے تاکہ انہیں ورزش کے لیے کہیں اور جانا نہیں پڑے۔ ارشد وارثی کے پاس اتنی فلمیں ہیں کہ سن دو ہزار دس تک اب ان کے پاس کسی اور فلم کے لیے تاریخ ہی نہیں ہے۔ ملکہ شیراوت آج کل کک باکسنگ سیکھ رہی ہیں۔ نندیتا داس اب خود فلم بنائیں گی کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ جس طرح کی فلم کرنا چاہتی ہیں اس طرح کی فلمیں کوئی نہیں بناتا۔ ویسے بہانہ اچھا ہے۔