http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 09 September, 2007, 01:28 GMT 06:28 PST

محسن عباس
ٹورانٹو، کینیڈا

ٹورانٹو فلم فیسٹیول شروع

کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں بتیسویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے جو پندرہ ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس میلے میں بارہ بالی وڈ فلموں کو نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

اس فلمی میلے میں ہالی وڈ اور بالی وڈ کے مشہور اداکاروں کے علاوہ دنیا بھر سے چھ سو سے زائد فِلمی ستارے شرکت کر رہے ہیں۔ پیرس ہلٹن اور بریڈ پٹ نے چھ ستمبر کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ہے۔

بالی وڈ سے امیتابھ بچن اور پریتی زنٹا نمائندگی کریں گی۔ اس کے علاوہ فلم ساز میرا نائر بھی میلے میں حصہ لے رہی ہیں۔ بالی وڈ اسٹارز کے ساتھ ساتھ دیگر معروف شخصیات میں چینی اداکارہ زانگ زی، فرانسیسی اداکار ڈینئل آتیل اور ہسپانوی فلم ساز و اداکار پیڈرو الموڈور، جارج کلونی، چارلیز تھیرون، صبیحہ، سومار، لیام نیسن، یاسمین المصری اور دیگر معروف اداکار اور ہدایتکار شامل ہیں۔

اس انٹر نیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار ٹورانٹو پہنچے ہیں اور شہر کا وسطی علاقہ دنیا بھر کے فلمی ستاروں سے جگمگا رہا ہے۔

دی لاسٹ لیئر کے ہدایتکار پریتار نوگھوش ہیں۔ یہ فلم شیکسپیئر کے ڈراموں کے اہم ہندوستانی اداکار ہریش مشرا کے کردار کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ اس فلم کے لیے کچھ ہندی مکالمے خود امیتابھ نے تحریر کیے ہیں۔ اس میلے میں ایران، قازقستا ن، پاکستان، ترکی اور مصر کی فلمیں بھی شامل ہیں۔

اس میلے میں مسلمانوں میں ہم جنس پرستی پر بنائی گئی ایک فلم ’اے جہاد فار لو‘ کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے۔

اس فیسٹیول میں فلموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ تجارت پر بھی نظر ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے بے شمار ہالی وڈ فلموں کی شوٹنگ ٹورانٹو میں ہونے لگی ہے اور اس میلے میں بہت ساری فلم پروڈکشن کمپنیوں اور فلمی تجارت سے منسلک لوگوں کو ایک پلیٹ فارم ملےگا جہاں وہ دوسری پروڈکشن کمپنیوں کے ساتھ تجارتی معاہدہ کر سکیں گے۔

میلے کا آغاز بھارتی نژاد کینیڈین ہدایت کار رچی مہتا کی مشہور فلم عامل سے ہوا۔ اس فلم ’عامل‘ میں نصیر الدین شاہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم کی کہانی دہلی کے ایک رکشہ ڈرائیور کی زندگی پر مبنی ہے۔

ٹورانٹو شہر اور اس کے گرد و نواح میں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی اور پاکستانی فلم بینوں کے علاوہ دوسری قوموں کے لوگ بھی بالی وڈ کی فلموں کو شوق سے دیکھتے ہیں۔