Saturday, 28 July, 2007, 13:37 GMT 18:37 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
ہندوستانی فلمساز امتوج مان کی فلم 'قافلہ' دس اگست کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل بالی ووڈ کی فلمیں ’تاج محل‘، ’مغلِ اعظم‘ اور ’آوارہ پن‘ بھی پاکستان میں ریلیز ہو چکی ہیں لیکن قافلہ ایسی پہلی فلم ہو گی جس کی دونوں ممالک میں نمائش ایک ساتھ ہو رہی ہے۔
فلمساز امتوج مان نے بی بی سی سے اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کی فلم تاریخ کا حصہ بننے جا رہی ہے‘۔
پاکستان میں فلم کی سینسر شپ مکمل ہو چکی ہے اور ستائیس جولائی سے اس فلم کی تشہیر تھیٹرز میں جاری ہے۔
فلم میں پاکستان کی اداکارہ ثناء نواز اور ٹی وی اداکارہ مونا لیزا بطور ہیروئین کام کر رہی ہیں۔ بالی ووڈ کے اداکار سنی دیول اس فلم کے ہیرو ہیں۔
انسانی سمگلنگ جیسے موضوع پر مبنی اس فلم میں دلچسپ بات یہ ہے کہ سنی دیول نے ایک پاکستانی شخص کا کردار نبھایا ہے جنہوں نے اب تک بالی ووڈ فلموں میں پاکستان کے خلاف کافی نعرے لگائے اور منفی کردار نبھائے ہیں۔
سنی دیول کے کردار کے بارے میں مان کہتے ہیں کہ ’سنی کو جو رول دیا گیا وہ انہوں نے کیا۔ فنکار کبھی بھی نفرت نہیں کرتا۔ سنی ایک اچھے انسان اور قابل اداکار ہیں اور اس فلم میں ان کا کردار ناظرین کو چونکانے کے لیے کافی ہو گا‘۔
پاکستانی قوانین اس معاملے میں سخت ہیں اور اسی لیے بالی ووڈ فلمیں وہاں ریلیز نہیں ہوتی تھیں لیکن اب فلمسازوں نے ایک راستہ ڈھونڈھ لیا ہے اور وہ پاکستان کے اداکار، گلوکار اور وہاں فلموں کے دیگر شعبوں کے افراد کو اپنی فلموں میں شامل کر رہے ہیں تاکہ مشترکہ تجارت کے ساتھ فلموں کی نمائش میں رکاوٹ نہ ہو۔
اس طرز پر بالی ووڈ میں کئی فلمیں بن رہی ہیں اور ان میں ایک فلم ’تیرے لیے‘ ہے جسے فلمساز شہزاد رفیق بنا رہے ہیں۔ اس فلم کے ہیرو پاکستانی ہیں لیکن اس کے گیت نغمہ نگار گلزار نے لکھے ہیں اور کہانی اور مکالمے جاوید صدیقی کے ہیں۔