http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 05 May, 2007, 15:18 GMT 20:18 PST

پیرس ہلٹن کو 45 دن قید کی سزا

ہلٹن ہوٹلوں کی چین کی وارث پیرس ہلٹن کو نشے کی حالت میں ڈرائیونگ پر دی گئی پروبیشن کی خلاف ورزی کرنے پر 45 دنوں کی قید کی سزا دی گئی ہے۔

لاس اینجلیز کے ایک جج نے حکم دیا ہے کہ پیرس ہلٹن ہر حالت میں اپنی سزا پانچ جون کو شروع کریں اور ان کے جلدی رہا ہونے کی کوئی امید نہیں ہے۔

پیرس ہلٹن نے جج کو کہا کہ انہیں بہت افسوس ہے اور وہ اب سے ہر چیز پر بھرپور توجہ دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جب انہیں فروری میں بغیر بتیوں کی گاڑی چلاتے پکڑا گیا تھا تو انہیں نہیں معلوم تھا کہ ان کا لائسنس معطل ہو چکا ہے۔

لاس اینجلیز کی عدالت میں دائر کیے گئے چالان کے متعلق جب 15 جنوری کو کیلیفورنیا ہائی پیٹرول نے بغیر بتی کے گاڑی چلاتے پکڑا تھا تو اس بھی وقت ان کا لائسنس معطل تھا۔

اس وقت 26 سالہ پیرس ہلٹن نے ایک کاغذ پر دستخط کیے تھے کہ انہیں گاڑی چلانےکی اجازت نہیں ہے۔
پیرس ہلٹن
پیرس کسی نے کسی حوالے سے خبروں مییں رہتی ہیں

27 فروری کو جب وہ بتیوں کے بغیر گاڑی چلاتے دوبارہ پکڑی گئیں تو ان پر پروبیشن کی خلاف ورزی کا مقدمہ بنا۔

جب عدالتی کارروائی کے دوران پیرس ہلٹن کو جیل میں رکھنے کا مطالبہ کیا گیا تو ان کی ماں کیتھی نے قہقہ لگایا اور جج مائیکل سوؤر سے ان کا آٹوگراف لینے کے متعلق کہا۔

جب جج نے پیرس کو سزا سنائی تو وہ رونے لگیں اور ان کی ماں نے وکیلِ استغاثہ کو چلا کر کہا کہ ’تم قابلِ نفرت ہو‘۔

پیرس ہلٹن کے ایک وکیل نے کہا ہے کہ جج کی طرف سے دی جانے والی سزا غیر منصفانہ ہے۔

اگر پیرس ہلٹن پانچ جون کو جیل نہ پہنچیں تو ان کی سزا بڑھا کر 90دن کر دی جائے گی۔