Wednesday, 25 April, 2007, 15:42 GMT 20:42 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی ہوم پروڈکشن فلم ’اوم شانتی اوم ‘ ابھی مکمل بھی نہیں ہوئی ہے لیکن اس کے لیے بالی وڈ انڈسٹری کی تین بڑی کمپنیاں اسے منہ مانگی قیمت پر خریدنے کے لیے اپنی قسمت آزمائی کر رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی بولی 55 کروڑ روپے لگائی گئی ہے۔
خان کی اس فلم کی یہ قیمت اب تک کی بالی وڈ کی کسی بھی فلم سے زیادہ ہے۔ گزشتہ برس ساجد نڈیاڈ والا کی فلم ’سلام عشق‘ بیالیس کروڑ روپے میں فروخت ہوئی تھی۔ یہ گزشتہ سال کی سب سے مہنگی فلم ثابت ہوئی تھی اور یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ اب اس طرح کی روایت بن جائے گی جو صحیح ثابت ہوا۔
انڈین فلمی صنعت کے تجارتی تجزیہ کار امود مہرہ کا کہنا ہے کہ سٹوڈیو 18، سونی اور ایڈلیب فلمی کمپنیوں میں خان کی فلم خریدنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے اور جو زیادہ قیمت دے گا اس فلم کے حقوق اسی کمپنی کو دیے جائیں گے۔ مہرہ کے مطابق فلم ’اوم شانتی‘ اوم کی انڈیا اور غیر ممالک میں نمائش کے حقوق کے ساتھ سٹیلائیٹ، آڈیو اور ہوم ویڈیو حقوق بھی دس سال کے لیے فروخت ہوں گے۔
شاہ رخ کی فلم کی اتنی قیمت کس لیے؟ اس کے جواب میں مہرہ کا کہنا تھا کہ خان آج اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ وہ اپنی پسند کی پروڈکشن کمپنیوں میں ہی کام کریں اور وہ صرف یش راج فلمز یا کرن جوہر کی کمپنی دھرما پروڈکشن جیسے بڑے بینر کی کمپنی کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں۔اس لیے کسی اور پروڈکشن کمپنی کے لیے ان کی فلم میں خان کا کام کرنا ایک خواب کے مانند ہے اس لیے اگر ان کی کمپنی ایک تیار فلم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو ان کے لیے یہ منافع کا سودا ہے۔
فلموں کے تجزیہ نگار ترن آدرش مانتے ہیں کہ خان کی فلمیں انڈیا کے علاوہ امریکہ اور لندن میں اچھا کاروبار کرتی ہیں اور صرف ایک ماہ میں فلم کی قیمت وصول ہو جاتی ہے۔ اس لیے کسی بھی کمپنی کے لیے پچپن کروڑ یا اس سے بھی زیادہ قیمت دے کر خان کی فلم خریدنا کسی طرح بھی خسارہ کا سودا نہیں ہے۔
![]() | |
| فلم ’’کبھی الوداع نہ کہنا‘ انڈیا میں کامیاب نہ رہی لیکن بیرون ملک میں ہٹ ہوئی |
لیکن سلمان خان یا شاہ رخ کی طرح دوسرے ہیروز کی فلموں کو اتنی قیمت نہیں مل پاتی۔اکثر فلمساز بڑی سٹار کاسٹ کے ساتھ فلمیں بناتے ہیں لیکن وہ اکثر فلاپ ہو جاتی ہیں۔ اس سال کئی بڑی فلمیں بنیں لیکن کسی نے بھی باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کیا۔
میرانی کہتے ہیں کہ کرن جوہر کی فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ جس میں شاہ رخ کے علاوہ ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی اور پریتی زنٹا جیسے اداکار تھے کے بیباک موضوع کی وجہ سے فلم نے انڈیا میں اچھا بزنس نہیں کیا لیکن اس نے امریکہ اور لندن میں ریکارڈ توڑ بزنس کیا جس کی وجہ سے تمام خسارہ بھی پورا ہو گیا۔